سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفشل انٹیلی جنس اتھارٹی "سدايا" نے 1446 ہجری کے لیے "روڈ ٹُو مکہ" منصوبے میں شامل سات ممالک کے 11 بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو جدید ترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے مدد فراہم کی ہے۔
یہ اقدام سعودی وزارت داخلہ اور متعدد دیگر سرکاری اداروں کے تعاون سے کیا گیا ہے، تاکہ عازمین حج کی اپنے ممالک سے روانگی سے لے کر سعودی عرب آمد اور بعد ازاں واپسی تک کے تمام سفری مراحل کو آسان، تیز، منظم اور پُر امن بنایا جا سکے۔ واضح رہے کہ "سدايا" ہر سال اس اقدام کی مسلسل حمایت کرتی ہے تاکہ اللہ کے مہمانوں کے سفر کو آسان بنایا جا سکے۔
"سدايا" کی تکنیکی ٹیم ان 11 ہوائی اڈوں پر نصب نظاموں اور ورک اسٹیشنوں کی خود کار نگرانی کر رہی ہے تاکہ کام کے تسلسل اور عمل کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ یہ ٹیم ہنگامی تکنیکی خرابیوں کے فوری ازالے کے لیے مسلسل فنی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ اس کا مقصد اعلیٰ ترین کارکردگی اور ہم آہنگی کو یقینی بنانا ہے۔
"سدايا" نے حاجیوں کےBiometric کے اندراج کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ورک اسٹیشن بھی نصب کیے ہیں۔ ان میں موبائل ورک اسٹیشن بھی شامل ہیں، جو مکمل سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، تمام داخلی راستوں اور سرحدی چیک پوائنٹس پر جدید تکنیکی انفرا اسٹرکچر کو بہترین معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے تاکہ تمام کارروائیاں تیز اور مؤثر انداز میں مکمل کی جا سکیں۔ یہ سب کچھ "سدايا" کے عملیاتی منصوبے کے تحت کیا گیا ہے۔
"سدايا" نے تمام تکنیکی نظاموں اور آلات پر اعلیٰ سطح کی کارکردگی کے تجربات بھی کیے ہیں تاکہ ان کی صلاحیت کو پرکھا جا سکے۔ اس کے علاوہ، تمام متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ تکنیکی رابطوں کو مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ پورے عمل میں مکمل ہم آہنگی اور حاجیوں کی بایومیٹرک معلومات کی تیز رفتار اور مؤثر تکمیل ممکن بنائی جا سکے۔
حج 1446ھ کے لیے "سدايا" کی یہ کوششیں تمام متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر اللہ کے مہمانوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ ان کا مقصد سعودی عرب کی قیادت کی ان ہدایات پر عمل کرنا ہے جن میں حاجیوں کی خدمت کے لیے ہر ممکن کوشش پر زور دیا گیا ہے۔ یہ تمام اقدامات "ضیوف الرحمن خدمت پروگرام" کے اہداف کے تحت کیے جا رہے ہیں، جو کہ سعودی وژن 2030 کے اہم پروگراموں میں سے ایک ہے۔