سعودی عرب کی فلم اتھارٹی نے اپنی بین الاقوامی موجودگی کو وسعت دیتے ہوئے "سعودی فلمی راتوں" کے ایونٹ کا انعقاد میکسیکو میں کرنے کا اعلان کیا ہے جو 6 سے 11 مئی 2025ء تک جاری رہیں گی۔ یہ تقریب فرانس، مراکش، آسٹریلیا، چین اور بھارت میں کامیاب فلمی تقاریب کے بعد منعقد ہو رہی ہے، جن میں عالمی سطح پر سینما سے وابستہ شخصیات اور بڑی تعداد میں شائقین نے شرکت کرکے مملکت کی فلمی کار کردگی کو سراہا ہے۔
یہ فلمی محفلیں میکسیکو کے تین اہم شہروں میکسیکو سٹی، گواڈالاخارا اور مونٹیری میں ہوں گی جہاں چار سعودی فلمیں پیش کی جائیں گی، جن کے بعد فلم سازوں اور شریک فنکاروں کے ساتھ مکالماتی نشستیں بھی رکھی جائیں گی۔
گواڈالاخارا میں فلموں کی نمائش "سیناتیکا FICG" تھیٹر میں کی جائے گی، جو گواڈالاخارا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا مرکزی مقام اور عالمی سینمائی تبادلے کا ایک اہم ثقافتی پلیٹ فارم مانا جاتا ہے۔
جبکہ مونٹیری شہر میں یہ تقریب "سیناتیکا نیوو لیون" میں منعقد ہوگی جو مقامی سطح پر ایک ممتاز آزاد سینما مرکز اور خطے میں سینمائی تعلیم و مکالمے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
دوسری جانب میکسیکو سٹی میں فلمی راتوں کا انعقاد "سیناتیکا ناسیونال" تھیٹر میں ہوگا جو ملک کے مؤثر ترین سینمائی اداروں میں شمار ہوتا ہے۔
"سعودی فلمی راتیں" نہ صرف سعودی فلمی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر روشناس کرواتی ہیں بلکہ یہ تخلیقی تبادلے اور ثقافتی شراکت داری کو فروغ دینے کا بھی ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہی ہیں۔