غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے ہفتے کے روز کہا کہ غزہ شہر میں ایک خیمے پر اسرائیلی حملے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ لواحقین کے مطابق یہ تمام ایک ہی خاندان کے افراد تھے۔
خاندان کے رکن عمر ابو الکاس نے اے ایف پی کو بتایا، "تین بچے، ان کی ماں اور اس کا شوہر ایک خیمے کے اندر سو رہے تھے اور انہیں (اسرائیلی) قابض طیارے نے بمباری کا نشانہ بنایا۔"
ابو الکاس نے مزید کہا کہ یہ حملے "بغیر کسی انتباہ کے اور بغیر کسی غلط کام کے کیے گئے۔" انہوں نے بتایا وہ بچوں کے نانا ہیں۔
جائے وقوعہ سے لی گئی اے ایف پی کی تصاویر میں سوگواروں کو مختلف سائز کے پانچ سفید کفنوں کے قریب موجود دکھایا گیا۔ ان میں سے بعض رو رہے تھے۔
شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے اے ایف پی کو بتایا، غزہ شہر کے محلے صابرہ میں ایک خیمے پر (اسرائیلی) قابض فوج کے فضائی حملے میں پانچ افراد شہید اور دیگر زخمی ہوئے"۔
اسرائیلی فوج نے اس حملے پر تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا فوری جواب نہیں دیا۔
حماس کے زیرِ انتظام علاقے کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل حملوں میں غزہ میں اب تک کم از کم 52,787 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔