ایکس پر ایک بیان کے مطابق قطر میں امریکی مرکز پر ایرانی حملے کے بعد خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک غیر معمولی اجلاس کے لیے ملاقات کر رہے ہیں۔
جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے ایک بیان میں کہا، جی سی سی کی وزارتی کونسل کا 49 واں غیر معمولی اجلاس منعقد ہو گا اور اس میں جی سی سی ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔
بیان میں کہا گیا، "جی سی سی کی وزارتی کونسل ایرانی میزائل حملے کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت پر تبادلۂ خیال کرے گی جس میں برادر ریاست قطر کو نشانہ بنایا گیا"۔
البدویوی نے "اس بات پر زور دیا کہ یہ اجلاس جی سی سی ریاستوں کی قطر میں اپنے برادران سے یکجہتی کی تصدیق کرتا ہے اور اس بات پر بھی زور دیتا ہے کہ قطر کی سلامتی اور استحکام جی سی سی ریاستوں کی سلامتی اور استحکام کا ایک لازمی حصہ ہے۔"
ایرانی فوج نے پیر کی شام قطر میں العدید امریکی فضائی مرکز پر میزائل حملہ کیا جس کے ساتھ ہی قطری دارالحکومت میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ یہ حملہ تہران کی جوہری تنصیبات پر امریکی فضائی حملوں کا بدلہ لینے کی دھمکی کے بعد کیا گیا۔
قطر نے کہا کہ اس کے فضائی دفاع نے العدید مرکز پر داغے گئے میزائل روک دیئے۔
جی سی سی اور عرب ریاستوں نے مذکورہ حملے کی مذمت کی ہے۔