سعودی عرب عالمی سیاحتی آمدنی میں سرفہرست، عالمی درجہ بندی کا نیا ریکارڈ قائم
سنہ 2025ء کی پہلی سہ ماہی میں سیاحوں کی آمد میں 102 فیصد اضافہ، مشرق وسطیٰ میں دوسرے نمبر پر
سعودیہ نے سال 2025ء کی پہلی سہ ماہی میں بین الاقوامی سیاحوں سے حاصل ہونے والی آمدنی میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ ترقی کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سیاحت کی تنظیم ’UN Tourism‘ کی جانب سے مئی 2025ء میں جاری کردہ عالمی سیاحت بیرو میٹر رپورٹ کے مطابق یہ کارنامہ 2019ء کی اسی مدت کے مقابلے میں حاصل کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد میں اضافے کے لحاظ سے بھی سعودیہ دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر رہا، جبکہ مشرق وسطیٰ کے خطے میں یہ دوسرا بڑا ملک ثابت ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2025ء کی پہلی سہ ماہی میں سعودیہ میں بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں 102 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ نہ صرف عالمی اوسط 3 فیصد بلکہ مشرق وسطیٰ کے 44 فیصد اضافے سے بھی کہیں زیادہ ہے۔ اس نمایاں کارکردگی نے سعودیہ کی عالمی اور علاقائی سیاحتی قیادت کو مزید مستحکم کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق عالمی سیاحتی اشاریوں میں سعودیہ کی سبقت اس بات کا ثبوت ہے کہ مملکت میں سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لیے کی جانے والی کاوشیں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں۔ یہ پیش رفت سعودی ویژن 2030 کے تحت مقرر کردہ بلند ہدف کے حصول کی جانب مضبوط قدم ہے۔