سعودی عرب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے درمیان بدھ کے روز ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے تاکہ دونوں ملکوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال اور غور کیا جاسکے۔
دونوں ملک دہائیوں سے دفاغی شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ کئی اہم معاہدوں میں بندھے ہوئے ہیں اور دوطرفہ تعاون کی پرانی روایت رکھتے ہیں۔
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ' ایکس ' پر اپنے اور پیٹ ہیگستھ کے درمیان ہونے والے تازہ رابطے کے حوالے سے ایک پوسٹ میں تحریر کیا ہے ' ہم دونوں نے دوطرفہ شراکت داری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
نیز دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو کس کس شعبے میں طریقے بڑھایا جا سکتا ہے ان امور کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ تاکہ مستقبل میں دونوں کے باہمی تعلقات اور معاہدات میں مزید مضبوطی آئے۔'
وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے مزید کہا ' دونوں نے علاقائی سطح پر سلامتی و استحکام لانے کے معاملات پر بھی باہم بات چیت کی ہے اور باہمی دلچسپی کے کئی پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا ہے۔'
انہوں نے اپنی ' ایکس ' پر لکھی پوسٹ میں پچھلے ہی ہفتے اعلی حکام کی پینٹا گون میں ہونے والی ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا کہ اعلی سطح پر واشنگٹن اور ریاض کے درمیان تعاون و اشتراک کے امور پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
یاد رہے پینٹاگون میں ہونے والی ان ملاقاتوں میں سعودی وفد کی نمائندگی معاون وزیر دفاع ڈاکٹر خالد بیاری اور امریکی پینٹاگون میں پالیسی چیف البراج نے امریکہ کی نمائندگی کرتے پوئے باہمی دلچسپی اور دو طرفہ مفاد کے امور پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔
دونوں طرف کے وفود دو روزہ اجلاس کے لیے پینٹا گون میں جمع ہوئے۔ یہ دو روزہ ملاقاتیں سٹریٹیجک جوائنٹ پلاننگ کمیٹی کے 9 ویں اجلاس کے سلسلےمیں تھیں۔