سعودی عرب ... سبزے میں اضافے کے لیے درختوں کی ڈیجیٹلائزیشن کا منصوبہ
پہلے مرحلے میں اب تک 10 ہزار درختوں کی ڈیجیٹلائزیشن ہو چکی ہے
سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں واقع ضلع الخبر نے درختوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ایک نیا منصوبہ شروع کیا ہے۔ اس کے تحت ہر درخت پر ایسے کارڈ لگائے جا رہے ہیں جن میں "بارکوڈ" شامل ہو گا، جو اس درخت کی معلومات اور تاریخ محفوظ رکھے گا۔
الخبر کی بلدیہ کے میڈیا ڈائریکٹر سلطان العتیبی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ الخبر میں 1.5 لاکھ سے زائد درخت موجود ہیں۔ یہ منصوبہ دو مراحل پر مشتمل ہے : پہلے مرحلے میں اب تک 10 ہزار درختوں کی ڈیجیٹلائزیشن ہو چکی ہے اور ہدف 1 لاکھ درخت تک پہنچنا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 50 ہزار درختوں کی ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی۔
#السعودية.. توثيق ورقمنة أكثر من 100 ألف شجرة في #الخبر
— العربية السعودية (@AlArabiya_KSA) August 12, 2025
شاهد التفاصيل..@mashaelazizz pic.twitter.com/snIbO2vnNg
العتیبی کے مطابق اس منصوبے کا مقصد الخبر کو پہلا "گرین سٹی" بنانا اور اس کی حیثیت کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ اس لیے کہ ابھی یہ دنیا کے اسمارٹ شہروں کی فہرست میں 61 ویں نمبر پر ہے۔ یہ منصوبہ پائے داری، ماحولیاتی جدت، عوام میں ماحولیاتی شعور اور سماجی شراکت کو فروغ دے گا۔
العتیبی نے بتایا کہ یہ منصوبہ کئی مقامات پر نافذ کیا جا رہا ہے، جن میں الخبر کورنیش، سی فرنٹ، مرکزی شاہراہیں اور رہائشی محلوں کی سڑکیں شامل ہیں۔ کارڈز میں ایک ڈیٹا بیس موجود ہو گا جو درختوں کی تمام معلومات اور ان کی دیکھ بھال کے طریقے فراہم کرے گا۔ یہ معلومات عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں ہوں گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ ان مقامات میں کچھ تاریخی درخت بھی شامل ہیں۔ یہ منصوبہ سعودی وژن 2030، "سعودی گرین" مہم اور اسمارٹ شہروں کے لیے ڈیجیٹل تبدیلی کے اہداف کا حصہ ہے۔