سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران 20 ہزار سے زائد غیر قانونی مقیم گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی عرب میں رہائش، کام اور سرحدی سکیورٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ملک گیر کارروائی کے نتیجے میں 20 ہزار 319 افراد گرفتار کر لیے گئے۔ یہ کارروائیاں 21 اگست 2025 ءسے 27 اگست 2025ء کے دوران مختلف علاقوں میں کی گئیں۔

وزارت داخلہ کے مطابق گرفتار شدگان میں 12 ہزار 891 افراد اقامہ قوانین کے خلاف ورزی میں ملوث تھے، 3 ہزار 888 افراد نے سرحدی سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کی، جبکہ 3 ہزار 540 افراد کام کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ 1 ہزار 238 افراد کو غیر قانونی طور پر سرحد عبور کر کے مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران پکڑا گیا۔ ان میں سے 50 فیصد یمنی، 49 فیصد ایتھوپین شہری اور ایک فیصد دیگر ممالک کے باشندے تھے۔ اسی طرح 22 افراد کو سعودی عرب سے غیر قانونی طور پر باہر جانے کی کوشش کرتے ہوئے بھی گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ 16 افراد کو غیر قانونی مقیم افراد کو پناہ، نقل و حمل اور ملازمت فراہم کرنے کے جرم میں پکڑا گیا۔

اس وقت 27 ہزار 417 غیر قانونی افراد کارروائی کے مراحل میں ہیں، جن میں 24 ہزار 870 مرد اور 2 ہزار 547 خواتین شامل ہیں۔ وزارت داخلہ نے بتایا کہ 20 ہزار 916 افراد کو ان کے سفارتی مشنز کے سپرد کیا گیا ہے تاکہ سفری دستاویزات جاری کی جا سکیں، جبکہ 1 ہزار 786 افراد کو ٹکٹوں کی بکنگ مکمل کرانے کے لیے منتقل کیا گیا۔ اب تک 11 ہزار 279 افراد کو ملک بدر کیا جا چکا ہے۔

وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ جو کوئی بھی مملکت میں سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو داخل کرنے، اندرون ملک منتقل کرنے، پناہ دینے یا کسی بھی شکل میں مدد فراہم کرنے میں ملوث پایا گیا، اسے 15 سال تک قید اور ایک ملین ریال تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹ اور رہائش گاہ بھی ضبط کر لی جائے گی اور مجرم کا نام تشہیر کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔

وزارت نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں غیر قانونی قیام، ملازمت اور سرحدی سکیورٹی کی خلاف ورزی قابل سزا جرم ہے اور ان جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں 911 پر جبکہ دیگر علاقوں میں 999 اور 996 پر دی جائے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں