سعودی عرب کا اقوامِ متحدہ کے ساتھ مل کر سائبر اسپیس میں استعداد کے لیے ایک عالمی اقدام

ریاض میں عالمی سائبر سیکیورٹی فورم کے آغاز کے موقع پر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی عرب میں سائبر سیکیورٹی کے قومی ادارے کے گورنر ماجد الزید نے ریاض میں عالمی سائبر سیکیورٹی فورم کے آغاز کے موقع پر اعلان کیا کہ سعودی عرب نے اقوامِ متحدہ کے ساتھ مل کر سائبر اسپیس میں صلاحیت سازی کے لیے ایک عالمی اقدام کا آغاز کیا ہے۔

الزید نے بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر مختلف شراکت دار اداروں کی مہارتوں سے استفادہ کرتے ہوئے اس اقدام کے ذریعے ان شعبوں میں جنھیں اس وقت سب سے زیادہ ضرورت ہے، بڑے پیمانے پر صلاحیت سازی سازی کو تیز رفتاری سے فروغ دیا جائے گا ... اور اس کا آغاز تربیت سے لے کر تحقیق و ترقی تک مختلف مراحل میں کیا جائے گا۔

الزید کا کہنا تھا کہ "ہم مل کر نہ صرف جدید اور پیچیدہ سائبر خطرات کا مقابلہ کر رہے ہیں بلکہ ایک زیادہ محفوظ اور جامع سائبر اسپیس تشکیل دے رہے ہیں، جو پوری انسانیت کے لیے زیادہ پُر امن اور خوش حال مستقبل کی بنیاد رکھے گی"۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی سائبر سیکیورٹی فورم کے شرکا کے لیے ایک وڈیو پیغام میں کہا "ہمیں مل کر کام کرنا ہو گا تاکہ سائبر اسپیس عوامی مفاد کے لیے کارآمد ثابت ہو"۔ انھوں نے مزید کہا "ہم سعودی عرب کے شکر گزار ہیں کہ اس نے عالمی سطح پر سائبر اسپیس میں استعداد سازی کے اقدام کو اختیار کیا"۔

گوتریس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اپنے وژن پر قائم رہے گی تاکہ سائبر اسپیس ایک کھلا اور محفوظ ماحول بن سکے۔
عالمی سائبر سیکیورٹی فورم 2025 کا پانچواں ایڈیشن 1 اور 2 اکتوبر 2025 کو ریاض میں "سائبر اسپیس میں مشترکہ کامیابیوں کا فروغ" کے عنوان کے تحت منعقد ہو رہا ہے۔ اس میں فیصلہ ساز شخصیات، اعلیٰ سرکاری عہدے داران اور بین الاقوامی ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔ یہ فورم سائبر اسپیس سے متعلق موضوعات پر جامع انداز میں اعلیٰ سطحی تزویراتی مذاکرات اور بین الاقوامی اجلاسوں کا ایک سلسلہ ہے۔

فورم کا مقصد عالمی سطح پر ایسا محفوظ اور قابلِ اعتماد سائبر اسپیس تشکیل دینے کے لیے مکالمے کو فروغ دینا ہے جو معیشتوں کی ترقی اور معاشروں کی خوش حالی میں مددگار ثابت ہو۔ اس سلسلے میں پانچ بنیادی موضوعات پر گفتگو ہو رہی ہے :
تیزی سے بدلتی دنیا میں سائبر اسپیس میں ہم آہنگی پیدا کرنا۔

سائبر معیشت میں ثمرات کو زیادہ سے زیادہ کرنا اور مشترکہ خوش حالی کے لیے ترقی کو فروغ دینا۔

ایسا مشترکہ ماحول قائم کرنا جہاں انسان اور معاشرہ ترقی کر سکے۔

انسانی رویے کی سمجھ کو استعمال کرتے ہوئے سائبر اسپیس کو محفوظ بنانا۔

تکنیکی ترقی کو بروئے کار لا کر چیلنجوں کا مقابلہ اور نئے مواقع پیدا کرنا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں