لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ میں جنگ بندی سے متعلق منصوبے پر حماس کے مؤقف کی حمایت اور تائید کا اعلان کیا ہے۔
اتوار کو جاری بیان میں حزب اللہ نے کہا کہ یہ اقدام غزہ پر جاری اسرائیلی جنگ کو ختم کرنے کے لیے اس کی "گہری خواہش" کا مظہر ہے، تاہم تنظیم نے اس بات پر زور دیا کہ وہ فلسطینی قوم کے اصولی مؤقف اور ان کے حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی۔
"فلسطینی اتحاد ہی اصل بنیاد"
بیان میں مزید کہا گیا کہ فلسطینی عوام کی وحدت اور ان کے جائز قومی حقوق ہی وہ بنیاد ہیں جن پر مذاکرات استوار ہونے چاہییں، تاکہ اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا ممکن بنایا جا سکے، غزہ کے باسیوں کو اپنے معاملات خود سنبھالنے کا حق ملے اور کسی بھی بیرونی مداخلت کو روکا جا سکے۔
نعیم قاسم کا انتباہ
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نعیم قاسم نے گذشتہ روز متنبہ کیا تھا کہ "ٹرمپ پلان" میں سنگین خطرات پوشیدہ ہیں۔ ان کے مطابق اسرائیل اس منصوبے کے ذریعے وہ مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے جو وہ دو برس سے جاری جنگ کے دوران عسکری طور پر حاصل نہیں کر سکا۔
نعیم قاسم نے گذشتہ سال اسرائیل کے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے دو کمانڈروں کی برسی کے موقع پر خطاب میں کہاکہ "یہ منصوبہ خطرات سے بھرا ہوا ہے۔ اسرائیل اب وہی چیزیں سیاست کے ذریعے حاصل کرنا چاہتا ہے جو وہ جارحیت، تباہی اور محاصرے کے باوجود جنگ میں حاصل نہ کر سکا"۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ منصوبے کی تفصیلات پر بحث نہیں کریں گے، کیونکہ فلسطینی دھڑے ہی بہتر طور پر طے کر سکتے ہیں کہ ان کے لیے کیا مناسب ہے۔
بیس نکاتی منصوبہ
واضح رہے کہ حماس نے حال ہی میں غزہ میں موجود اسرائیلی قیدیوں کی رہائی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ یہ اقدام امریکی منصوبے کے رد عمل کا حصہ ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ منصوبہ بیس نکات پر مشتمل ہے، جس میں اسرائیلی افواج کے غزہ سے بتدریجی انخلا، غزہ سے اسلحہ ہٹانے اور ایک " امن کونسل" کے قیام کی تجویز شامل ہے، جو تباہ حال فلسطینی علاقے کا انتظام سنبھالے گی۔
منصوبے کے مطابق بعد ازاں فلسطینی اتھارٹی چند انتظامی و اصلاحاتی اقدامات کے بعد غزہ کی باگ ڈور سنبھالے گی اور یہ تمام عمل حماس سے الگ رہ کر انجام دیا جائے گا۔
-
شرم الشیخ مذاکرات کے جلو میں غزہ کے مہاجرین کے لیے بڑا عارضی کیمپ قائم
مصر کے مشہور صحت افزا مقام شرم الشیخ میں بات چیت کے آغاز سے چند گھنٹے قبل مصر نے ...
مشرق وسطی -
غزہ شہر سے تقریباً نو لاکھ فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں: اسرائیلی وزیرِ دفاع
اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے اتوار کو کہا ہے کہ غزہ شہر میں فوج کی جارحیت ...
مشرق وسطی -
حماس نے غزہ کے بعد کے انتظامات پر اصولی رضامندی ظاہر کر دی ہے:امریکی وزیرِ خارجہ
مصر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ منصوبے پر عمل ...
مشرق وسطی