سعودی کابینہ کا العُلا میں میونخ سکیورٹی کانفرنس کے اجلاس کا خیرمقدم

غزہ میں جنگ کے خاتمے اور ٹرمپ کے امن منصوبے پر سعودی حمایت کا اعادہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی عرب کی کابینہ نے العُلا میں منعقدہ میونخ سکیورٹی کانفرنس کے رہنماؤں کے اجلاس کے نکات کو سراہا، جس میں دنیا بھر کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں خطے کی تازہ صورتِ حال، غذائی و ماحولیاتی سلامتی، توانائی اور اقتصادی تعاون جیسے اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

کابینہ نے فلسطینی مسئلے پر سعودی عرب کے اصولی اور ثابت قدم موقف کو ایک بار پھر واضح کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ میں جنگ کے خاتمے، تمام مغویوں کی رہائی اور فوری نفاذ کے طریقۂ کار پر بات چیت شروع کرنے سے متعلق اقدامات کا خیرمقدم کیا۔

یہ اجلاس ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی صدارت میں منگل کو ریاض میں ہوا، جس میں فلسطینی علاقوں کی تازہ صورتحال کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی غور کیا گیا۔

بین الاقوامی تعلقات اور تعاون پر زور

کابینہ نے ان حالیہ بین الاقوامی اجلاسوں اور کانفرنسوں کا بھی جائزہ لیا جو سعودی عرب نے مختلف اوقات میں میزبانی کیں۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مملکت عالمی امن و استحکام کے فروغ، کثیرالجہتی مکالمے کے قیام اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔

سائبر سکیورٹی میں سعودی قیادت

کابینہ نے عرب وزر اء برائے سائبر سکیورٹی کونسل کے دوسرے اجلاس کے نتائج کو بھی سراہا، جس کی میزبانی سعودی عرب نے کی تھی۔ اجلاس میں مشترکہ عرب کوششوں کو مستحکم بنانے اور ایک محفوظ، بااعتماد ڈیجیٹل فضا تشکیل دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اسی طرح کابینہ نے ریاض میں خادم حرمین شریفین کی سرپرستی میں منعقدہ پانچویں عالمی سائبر سکیورٹی فورم کے نتائج کی بھی تعریف کی، جس میں عالمی سطح کی نئے اقدامات شروع کیے گئے جو اس شعبے میں سعودی عرب کی قائدانہ حیثیت اور عالمی شراکت داری کے فروغ کا ثبوت ہیں۔

سعودی کابینہ کا اجلاس (ذرائع - SPA)
سعودی کابینہ کا اجلاس (ذرائع - SPA)

ثقافت اور ترقی میں سعودی کردار

کابینہ نے ’یونیسکو‘ کے عالمی کانفرنس برائے ثقافتی پالیسی اور پائیدار ترقی 2029ء کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کے انتخاب کا خیرمقدم کیا۔ کابینہ نے کہا کہ یہ فیصلہ عالمی سطح پر مملکت کے بڑھتے ہوئے ثقافتی و ترقیاتی کردار اور تخلیقی و اختراعی سرگرمیوں کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔

اجلاس کے اختتام پر کابینہ نے ایجنڈے میں شامل دیگر موضوعات اور شوریٰ کونسل کی سفارشات کا جائزہ لیا، جب کہ سیاسی، سکیورٹی، اقتصادی و ترقیاتی امور سے متعلق کونسلوں اور کابینہ کی جنرل کمیٹی اور ماہرین کے بورڈ کی رپورٹس پر بھی غور کیا گیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں