ویژن 2030 نے سعودی عرب کو عالمی اقتصادی مرکز بنا دیا: کابینہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی عرب کی کابینہ (مجلس وزراء) نے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت منگل کو ریاض میں ہونے والے اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ "فیوچر انویسٹمنٹ "کانفرنس" میں عالمی سطح پر بلند پایہ شرکت مملکت کے عالمی مقام، ترقیاتی کامیابیوں اور ویژن 2030 کے عملی ثمرات کی عکاسی کرتی ہے۔ اس ویژن نے سعودی عرب کو ایک بین الاقوامی اقتصادی مرکز اور دنیا بھر کے قائدین و موجدین کا مرکز بنا دیا ہے جہاں خیالات کو عملی حکمتِ عملیوں میں بدلا جاتا ہے جو سرمایہ کاری کے مستقبل کی سمت متعین کرتی ہیں۔

اجلاس کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان ملاقاتوں کی تفصیلات پیش کیں جو انہوں نے برادر اور دوست ممالک کے سربراہان اور وزرائے اعظم سے ان کی سعودی عرب آمد کے موقع پر کیں۔ یہ رہنما "مستقبل سرمایہ کاری کانفرنس" میں شرکت کے لیے مملکت پہنچے تھے۔

مجلس وزراء نے اس بات کو سراہا کہ سعودی معیشت نے عالمی تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگ رہنے میں غیر معمولی لچک اور مضبوطی کا مظاہرہ کیا ہے۔ مملکت نے اپنے وسائل، صلاحیتوں اور قومی ترجیحات میں توازن قائم رکھتے ہوئے غیر تیل شعبوں میں مسلسل ترقی حاصل کی ہے، خاص طور پر جدید صنعت، ٹیکنالوجی، سیاحت اور کاروباری قیادت کے میدانوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔

اسی تناظر میں مجلس وزراء نے نجی شعبے کے کردار کی تعریف کی جس نے ویژن 2030 کے آغاز سے غیر تیل معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ پیش رفت مملکت کی مؤثر اقتصادی پالیسیوں اور اصلاحات کا ثبوت ہے جنہوں نے کاروباری ماحول کو ترقی اور وسعت کے نئے امکانات فراہم کیے ہیں۔

اجلاس میں کہا گیا کہ بین الاقوامی ادارہ برائے اعلیٰ مالیاتی نگرانی اور محاسبہ (انٹوسائی) کی صدارت سنہ2031ء سے تین سال کے لیے سعودی عرب کو ملنا مملکت کی اس میدان میں قائدانہ حیثیت، شفافیت اور بہتر حکمرانی کے فروغ میں عالمی کردار کی واضح علامت ہے۔

مجلس وزراء نے سعودی عرب اور کویت کے درمیان مالی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت، اور سعودی اتھارٹی برائے تعلیم و تربیت اور جامعہ کویت کے درمیان پیمائش، جانچ اور منظوری کے میدان میں تعاون کے معاہدے کی منظوری بھی دی۔

علاوہ ازیں، اجلاس میں بلدیاتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرنے والوں کے لیے مخصوص ضوابط کے تحت مالی انعامات دینے کی منظوری دی گئی۔

مجلس وزراء نے کیمیائی مشاورت کے پیشہ ورانہ لائسنسوں کے اجرا کے اختیارات وزارت تجارت سے وزارت توانائی کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسی طرح وزارت صنعت و معدنی وسائل کو وزارت مالیات کے ساتھ اشتراک میں سرکاری صحت کےاداروں کے بجٹ میں قومی سطح پر دواسازی کی صنعت کے فروغ کے لیے ایک خصوصی باب شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں