غزہ میں گذشتہ دس اکتوبر سنہ سے نافذ فائر بندی کے باوجود اسرائیلی فورسز نے آج پیر کو بھی مختلف علاقوں میں حملے جاری رکھے۔
مقامی ذرائع نے العربیہ اور الحدث کو بتایا کہ اسرائیلی فوج مشرقی غزہ میں رہائشی گھروں کو مسلسل دھماکوں سے اڑا رہی ہے۔ اسی دوران اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے جنوب مشرقی حصے پر فائرنگ کی۔
رفح پر شدید بمباری
اسرائیلی توپ خانے نے رفح شہر پر بھی مسلسل اور شدید گولہ باری کی ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز رفح کے ایک سرنگ میں محصور حماس کے متعدد جنگجوؤں کو گرفتار کیا۔
اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ اب تک ان سرنگوں میں پھنسے ہوئے 40 جنگجوؤں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
پس پردہ جاری مذاکرات اس بحران کا حل تلاش کرنے میں پہلے ہی ناکام رہے ہیں، کیونکہ اسرائیل اس بات پر مصر تھا کہ محصور جنگجو سرنگوں سے نکل کر ہتھیار ڈالیں اور اپنی شکست تسلیم کریں، جبکہ حماس نے اس مطالبے کو قطعی طور پر مسترد کر دیا۔
حماس کے ایک سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ سرنگوں میں پھنسے جنگجوؤں کی تعداد 60 سے 80 کے درمیان ہے جن میں اکثریت القسام بریگیڈز سے تعلق رکھتی ہے۔