مشترکہ کام پر غور ... خلیج تعاون کونسل کا سربراہ اجلاس آج بحرین میں
کونسل کا 46 واں سربراہ اجلاس خطے میں جاری کشیدگی کے بیچ منعقد ہو رہا ہے
خلیج تعاون کونسل کا 46 واں سربراہ اجلاس آج بدھ کے روز بحرین کے دار الحکومت منامہ میں میں منعقد ہو رہا ہے۔ اجلاس کی صدارت بحرین کے فرماں روا حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کر رہے ہیں۔ یہ اجلاس خطے میں حالیہ پیش رفت کے تناظر میں ہو رہا ہے۔ خلیج تعاون کونسل کے سکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے "العربیہ" اور "الحدث" کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ اجلاس میں خلیجی مشترکہ کام اور عالمی سطح پر تزویراتی شراکت داری کے موضوعات زیر بحث آئیں گے۔
البدیوی نے مزید کہا کہ سربراہ اجلاس میں میزائل حملوں کے خلاف ایک متحدہ دفاعی نظام پر بھی بات کی جائے گی۔ ان کے مطابق کونسل کے ممالک کے تحفظ کے لیے ایک مشترکہ آئرن ڈوم نظام کے قیام پر کام کیا جائے گا۔
یہ اجلاس خلیجی موقف کی یکجہتی مضبوط کرنے اور اہم موضوعات پر غور کرنے کے لیے ایک اہم موقع ہے۔ ان میں معاشی اور انتظامی انضمام، مشترکہ منصوبوں کی حمایت اور خطے میں خاص طور پر خلیج اور بحر احمر میں سلامتی اور استحکام قائم رکھنے کے اقدامات شامل ہیں۔
اجلاس کے ایجنڈے میں دفاعی اور سیاسی ہم آہنگی کے طریقہ کار، اقتصادی و ترقیاتی پالیسیوں کی ترقی، خطے اور بین الاقوامی امور کے حوالے سے خلیجی نقطہ نظر کی یکسانیت اور سرحدی عبوری مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔