سعودی عرب اور ایران بیجنگ معاہدے پر مکمل عمل درآمد جاری رکھنے پر اتفاق

تینوں ممالک کا خطے میں سکیورٹی و استحکام کے لیے مشترکہ تعاون بڑھانے پر زور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی عرب اور ایران نے چین کی ثالثی سےطے پائے معاہدے پر عمل درآمد جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

تہران میں آج سعودی۔چینی۔ایرانی مشترکہ کمیٹی کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں بیجنگ معاہدے پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور ڈاکٹر مجید روانجی نے کی۔ اس موقعے پر سعودی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ انجینئر ولید الخریجی نے کی جبکہ چین کی جانب سے نائب وزیر خارجہ میاو دی یو نے وفد کی نمائندگی کی۔

سعودی عرب اور ایران نے بیجنگ معاہدے کے تمام نکات پر مکمل عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ کے چارٹر، اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی‘ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرتے ہوئے ایک دوسرے کی خود مختاری، علاقائی سالمیت، آزادی اور سکیورٹی کے احترام پر زور دیا۔ دونوں ملکوں نے حسن ہمسائیگی کے اصولوں کے فروغ کے لیے مستقل کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

چین کے کردار کا خیرمقدم

سعودی عرب اور ایران نے چین کے مثبت اور مسلسل مفاہمتی کردار کا خیرمقدم کیا اور بیجنگ معاہدے کی نگرانی اور تعاون پر اس کی اہمیت کو سراہا۔ چین نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کی ترقی کی کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تینوں ممالک نے سعودی۔ایرانی تعلقات میں مسلسل پیش رفت اور اس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان ہر سطح پر براہ راست رابطوں کے مواقع کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے اعلیٰ سطحی دوروں اور ملاقاتوں کے تسلسل کو خطے کی موجودہ کشیدگی اور بڑھتی صورتحال کے تناظر میں نہایت ضروری قرار دیا جو خطے اور عالمی امن کو خطرات سے دوچار کر رہی ہے۔

ایرانی حجاج اور عمرہ زائرین کی بڑی تعداد

اجلاس میں اس پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا جس کے نتیجے میں قونصلر خدمات بہتر ہوئیں اور سنہ 2025ء کے دوران 85 ہزار سے زائد ایرانی حجاج جبکہ دو لاکھ دس ہزار سے زیادہ ایرانی زائرین نے انتہائی سہولت اور امن کے ساتھ عمرہ کی سعادت حاصل کی۔

اسی تناظر میں سعودی اور ایرانی تحقیقاتی، تعلیمی، میڈیا، ثقافتی اور فکری مراکز اور شخصیات کے مابین مکالموں میں ہونے والی پیش رفت کو بھی خوش آئند قرار دیا گیا۔ شرکا نے دونوں ممالک کے درمیان وفود کے تبادلوں اور مختلف سرگرمیوں میں شرکت پر اطمینان ظاہر کیا۔

تعاون کے مزید فروغ کی امید

تینوں ممالک نے مستقبل میں سیاسی اور اقتصادی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے دائرے کو مزید وسیع کرنے کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے علاقائی ممالک کے درمیان مکالمے اور تعاون کو خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی خوش حالی کے لیے لازمی قرار دیا۔

تینوں ممالک نے فلسطین، لبنان اور شام میں جاری اسرائیلی حملوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا اور ایران کی سرزمین کی خلاف ورزیوں اور حملوں کی مذمت کی۔ ایران نے اس حوالے سے سعودی عرب اور چین کے واضح مؤقف کو سراہا۔

اجلاس کے اختتام پر تینوں ممالک نے یمن کے لیے اقوام متحدہ کی نگرانی میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اصولوں کے مطابق جامع سیاسی حل کی حمایت کا اعادہ کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں