اسرائیل نے جنوبی لبنان میں ہماری ایک پٹرولنگ پارٹی پر فائرنگ کی: یونیفل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

اقوام متحدہ کی امن فوج (یونفل) نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان کے سرحدی علاقے میں ایک اسرائیلی ٹینک کے فوجیوں کی فائرنگ سے ان کی ایک گشتی پارٹی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

یونفل نے اسرائیلی فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کی افواج کے خلاف جارحانہ رویہ بند کرے۔ یونفل نے ایک بیان میں کہا کہ امن فوجی جو بلیو لائن کے ساتھ گشت کر رہے تھے، انہیں منگل کے روز ایک مرکاوا ٹینک میں موجود اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ یونفل نے مزید کہا کہ گشتی پارٹی کے اوپر مشین گنوں سے 10 راؤنڈز کی ایک لہر فائر کی گئی جس کے بعد اس کے قریب مزید 10 راؤنڈز کی 4 مرتبہ میں فائرنگ کی گئی۔

قرارداد 1701 کی سنگین خلاف ورزی

یونفل نے کہا کہ اس کی افواج اور اسرائیلی ٹینک دونوں "اس وقت لبنانی علاقے کے اندر تھے" اور اس نے پہلے ہی اسرائیلی فوج کو اپنی گشت کی جگہ اور وقت کے بارے میں مطلع کر دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے فوجیوں نے یونفل کے مواصلاتی چینلز کے ذریعے اسرائیلی فوج سے فائرنگ روکنے کی درخواست کی تھی۔

یونیفل نے اس حملے کو "سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی سنگین خلاف ورزی" قرار دیا اور اسرائیلی فوج سے مطالبہ کیا کہ وہ امن فوج کے خلاف اپنے جارحانہ رویے اور حملوں کو روکے۔ قرارداد 1701 نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان 2006 میں شروع ہونے والے تنازع کو ختم کیا تھا اور 27 نومبر 2024 کو دونوں فریقوں کے درمیان طے پانے والی جنگ بندی کی بنیاد بنی تھی۔

جنگ بندی کا معاہدہ

واضح رہے یونیفل کی فورس لبنانی فوج کے ساتھ مل کر ایک جنگ بندی کو مستحکم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے جو اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ایک سال تک جاری رہنے والی جنگ کے بعد نومبر 2024 میں طے پائی تھی۔ تاہم معاہدے کے برخلاف اسرائیل اپنے فوجیوں کو 5 تزویراتی (سٹریٹجک) پہاڑیوں پر برقرار رکھے ہوئے ہے اور مسلسل حملے کر رہا ہے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کی فوجی صلاحیتوں کو دوبارہ تعمیر کرنے کی کوششوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ مزید برآں جنگ بندی کے معاہدے کے تحت لبنانی فوج کو یونیفل فورس کے ساتھ اسرائیل کے ساتھ سرحدی علاقے میں تعینات ہونا چاہیے۔

ایک سے زیادہ مرتبہ

حالیہ مہینوں میں یونیفل نے ایک سے زیادہ بار انکشاف کیا ہے کہ اس کی افواج کو اسرائیلی افواج کی طرف سے حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ 12 اکتوبر کو یونیفل نے اطلاع دی تھی کہ جنوبی لبنان میں اس کے ایک ٹھکانے کے قریب اسرائیلی ڈرون سے پھینکا گیا ایک بم پھٹنے سے اس کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

نومبر میں اس نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ اس کی افواج کو ایک اسرائیلی ٹینک کی فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ اس وقت اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اس نے اقوام متحدہ کی فورس پر جان بوجھ کر فائرنگ نہیں کی۔ اگست 2025 میں سلامتی کونسل نے یونیفل کے مینڈیٹ کو 2026 کے آخر تک بڑھانے کے لیے ووٹ دیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں