ملک کی وزارت برائے ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ خراب موسم کی بنا پر 12 گھنٹے تعطل کے بعد جمعرات کو دوبارہ کھول دیا گیا۔
حکام نے تقریباً 12:30 بجے رات کو مقامی وقت پر اعلان کیا کہ موسم کی خراب صورتِ حال اور دھند کی بنا پر حدِ نگاہ بہت کم ہو گئی تھی جس کے باعث بغداد ایئرپورٹ عارضی طور پر ہوائی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
وسطی عراق میں نجف اور شمالی کردستان کے علاقے سلیمانیہ کے ایئرپورٹس بھی بند کر دیے گئے۔
سرکاری آئی این اے پریس ایجنسی کے مطابق وزارت برائے ٹرانسپورٹ نے جمعرات کی دوپہر کو بتایا کہ بغداد اور نجف ایئرپورٹس پر "فضائی حدود دوبارہ کھول دی گئی ہیں"۔
گذشتہ دو دنوں سے جاری موسلادھار بارشوں کی وجہ سے عراق کے متعدد علاقوں بالخصوص خود مختار کردستان کے علاقے میں سیلاب آ گیا۔
مقامی حکام کے مطابق شمال میں سیلاب سے ایک بچے سمیت کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے۔ شمالی شہر کرکوک کو بغداد سے ملانے والا ایک اہم پل بھی منہدم ہو گیا۔
جیسا کہ ملک کی حالیہ تاریخ میں خشک موسم جاری ہے اور مصنوعی جھیلوں میں پانی کے ذخائر اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں تو حکام کو امید ہے کہ شدید بارشوں سے خشک سالی کے شکار ملک میں پانی کی قلت دور کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے بہت زیادہ متأثرہ عراق برسوں سے خشک سالی اور کم بارشوں کی وجہ سے مشکل حالات سے دوچار ہے۔