غزہ: اسرائیلی بمباری سے پانچ مزید فلسطینی جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

غزہ میں قائم فلسطینی شہری دفاع کے ادارے نے جمعہ کے روز بتایا ہے اسرائیلی فوج نے ایک سکول میں قائم پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی ہے۔ اس کے نتیجے میں کم از کم پانچ فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں۔

شہری دفاع کے ترجمان محمود باسل نے 'اے ایف پی' کو بتایا پانچوں افراد کی لاشوں کو شیلٹر میں بدلی ہوئی عمارت سے نکال لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ غزہ شہر کے مشرق میں تفح کے علاقے میں پیش آیا۔

'اے ایف پی' نے جب اس واقعے کے بارے میں اسرائیلی فوج سے دریافت کرنے کی کوشش کی تو اسرائیلی فوج نے مؤقف اختیار کیا اس نے ییلو لائن کے اندر کے علاقے میں آپریشن کیا اور اس آپریشن کی وجہ بعض ایسی سرگرمیاں دیکھا جانا تھا جو مشکوک ہو سکتی تھیں اور جن میں کچھ مشکوک افراد ملوث تھے۔

یاد رہے 10 اکتوبر سے غزہ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کے تحت جنگ بندی کی گئی ہے۔ تاہم اسرائیلی فوج اس جنگ بندی کے باوجود اب تک درجنوں بار فلسطینیوں پر فائرنگ، بمباری اور گولہ باری کا ارتکاب کر چکی ہے۔ جس کے نتیجے میں سینکڑوں فلسطینی جنگ بندی کے باوجود شہید ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ان سکول میں قائم پناہ گزین کیمپ میں ان مشکوک افراد کو اپنے لیے خطرہ محسوس کیا اور ان کو ختم کر دیا۔ تاہم اسرائیلی فوج نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں واقعے کا جائزہ لے رہی ہے اور تفصیلات کو دیکھ رہی ہے۔

اسرائیلی فوج نے اس امر پر بھی اظہار افسوس کیا ہے کہ اس کی کارروائی سے کچھ ایسے افراد بھی ہلاک ہوتے ہیں جو براہ راست اسرائیل کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہوتے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی نمائندہ برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف نے قطر، مصر اور ترکیہ کے حکام سے فلوریڈا میں جمعہ کے روز ملاقات کی ہے تاکہ غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کی طرف پہنچا جا سکے۔

حماس کے پولیٹیکل بیورو کے رکن باسم نعیم نے 'اے ایف پی' سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے لوگ سمجھتے ہیں کہ دوسرے مرحلے کے لیے کوششیں نتیجہ خیز ہوجائیں گی اور اسرائیل کی طرف سے جاری لاقانونیت کا خاتمہ ہو سکے گا۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 10 اکتوبر سے شروع جنگ بندی کے بعد اب تک 395 فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج نے قتل کیا ہے۔

اسرائیل بھی حماس پر مسلسل الزام لگا رہا ہے کہ وہ جنگ بندی معاہدے کی پابندی نہیں کر رہی۔

رفح میں ایک واقعے کے دوران اسرائیلی فوج کے تین اہلکار ہلاک ہوئے تھے ۔ تاہم حماس نے اس واقعے سے لاتعلقی ظاہر کی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں