بحرین کے فرماں روا اور صدر پاکستان کا دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر زور
زرداری کے مطابق اسلام آباد اور منامہ کے تعلقات تیسری نسل تک پھیلے ہوئے ہیں
بحرین کے فرماں روا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ اور پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کے درمیان ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں تاریخی تعلقات اور باہمی تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں مضبوط دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ زرداری اس وقت منامہ کے دورے پر ہیں۔
بحرین کے فرماں روا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے بحرین کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو سراہتے ہوئے عرب اور اسلامی دنیا کے مسائل کے دفاع میں پاکستان کے “اہم اور مرکزی کردار” کی تعریف کی۔ انھوں علاقائی و عالمی سطح پر امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابل قدر قرار دیا۔
شاہ حمد بن عیسی نے کہا کہ صدرِ پاکستان کا دورہ دونوں ممالک کے مضبوط دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ... یہ سیاسی، معاشی، تجارتی اور ترقیاتی شعبوں میں شراکت داری کو آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی بھی کرتا ہے۔
اس موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان تعلقات پہلی نسل کے نہیں بلکہ تیسری نسل تک پھیلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا “ہم اس مشترکہ تعاون اور رابطے کو آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔”