امریکہ کی مشرق وسطیٰ کے 12 ممالک میں موجود اپنے شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایات
ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی حملوں کے بعد سکیورٹی وارننگ جاری
امریکی وزارت خارجہ نے پیر کی شام ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی حملوں کے تناظر میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت مشرق وسطیٰ کے 12 سے زائد ممالک میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر وہاں سے نکل جانے کی ہدایت کی ہے۔
قونصلر امور کی اسسٹنٹ سیکرٹری مورا نامدار کا کہنا ہے کہ امریکی شہری سکیورٹی خطرات کے باعث دستیاب کمرشل ٹرانسپورٹ کے ذریعے ان ممالک سے فی الفور روانہ ہو جائیں۔
یہ وارننگ وزارت خارجہ کی جانب سے گذشتہ چند روز کے دوران خطے کے کئی ممالک کے لیے سفری سفارشات کو اپ ڈیٹ کرنے کے بعد سامنے آئی ہے جس میں وہاں کا سفر نہ کرنے کی تاکید کی گئی تھی۔ پیر کو جاری ہونے والی اس نئی ہدایت کا اطلاق بحرین، مصر، ایران، عراق، اسرائیل، مغربی کنارے، غزہ، اردن، کویت، لبنان، عمان، قطر، سعودی عرب، شام، متحدہ عرب امارات اور یمن پر ہوتا ہے۔
اردن کے دارالحکومت عمان میں امریکی سفارت خانے نے پیر کے روز قبل ازیں اعلان کیا تھا کہ ان کا عملہ ایک خطرے کے باعث وہاں سے روانہ ہو چکا ہے۔
ایک امریکی اہلکار نے بتایا کہ وزارت خارجہ نے صورتحال سے نمٹنے اور جنگ کے دوران امریکہ کے ردعمل میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے مختلف ایجنسیوں پر مشتمل ایک ہنگامی ٹاسک فورس کو فعال کر دیا ہے۔
امریکہ اور اسرائیل نے ہفتے کے روز ایران میں مختلف اہداف پر سلسلہ وار حملے کیے تھے جن میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت متعدد اعلیٰ حکام کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ تہران نے جواب میں خطے بھر میں کئی امریکی اور اسرائیلی مقامات پر جوابی کارروائی کی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہےکہ توقع ہے کہ یہ تنازعہ چار سے پانچ ہفتوں تک جاری رہے گا تاہم یہ اس سے زیادہ طویل بھی ہو سکتا ہے۔
اس جنگ نے جس نے خطے میں ایک بڑے تنازعے کو جنم دیا ہے اور درجنوں ہلاکتیں ہوئی ہیں توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بنی ہے کیونکہ ایرانی حکام نے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی کے اہم راستے آبنائے ہرمز کو عبور کرنے کی کوشش کرنے والے کسی بھی جہاز کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ اور وزیر توانائی کرس رائٹ آج منگل کو توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کریں گے۔