متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے ہفتہ کے روز اعلان کیا ہے کہ اماراتی فضائی دفاعی نظام ایران سے آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کے خطرات سے نمٹ رہا ہے۔
وزارت کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں سنی جانے والی دھماکوں کی آوازیں دراصل فضائی دفاعی نظام کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کو روکنے اور جنگی طیاروں کی طرف سے ڈرون اور کروز طیاروں کو مار گرانے کی کارروائیوں کا نتیجہ ہیں۔
اس سے قبل ہفتہ کی صبح دبئی ایئرپورٹ کے اوپر اماراتی فضائی دفاع نے ایک کامیاب انٹرسیپشن آپریشن بھی انجام دیا، جس کی اطلاع خبر رساں ادارے فرانس پریس نے دی۔
دبئی حکومت نے اپنے بیان میں کہا کہ متعلقہ اداروں نے ایک محدود نوعیت کے واقعے سے نمٹ لیا ہے ،جو فضائی دفاع کی کامیاب کارروائی کے دوران گرنے والے ایک ٹکڑے کی وجہ سے پیش آیا تھا۔
حکام کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حکومتِ دبئی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسی حادثے کی خبر درست نہیں ہے۔
اماراتی فضائی دفاع نے اس دوران 9 بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کیا جبکہ 112 ڈرونز کا سراغ لگایا گیا، جن میں سے 109 کو مار گرایا گیا اور 3 ڈرون امارات کی حدود میں گر گئے۔
اماراتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے مبینہ حملوں کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 205 بیلسٹک میزائلوں کا سراغ لگایا گیا، جن میں سے 190 کو تباہ کر دیا گیا، 13 سمندر میں گرے جبکہ 2 میزائل اماراتی سرزمین پر آ گرے۔
اسی طرح 1184 ایرانی ڈرونز کا پتہ لگایا گیا، جن میں سے 1110 کو مار گرایا گیا جبکہ 74 ڈرون امارات کے اندر گرے۔ اس کے علاوہ 8 کروز میزائلوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔