آج منگل کی صبح شمالی عراق میں ایران کی حامی ایک عراقی مسلح تنظیم کے صدر دفتر پر حملے میں تنظیم کے چار جنگجو ہلاک ہو گئے۔ یہ بات امام علی بریگیڈز (تنظیم) کی جانب سے جاری اعلان میں کہی گئی۔ تنظیم نے اس کارروائی کا الزام امریکہ پر عائد کیا ہے۔
امام علی بریگیڈز نے اشارہ کیا ہے کہ "ایک غدارانہ امریکی جارحیت نے صوبہ کرکوک کے قصبہ الدبس میں واقع الحشد الشعبی ملیشیا سے وابستہ بریگیڈ 40 کے ایک ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا"۔
اس دوران سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ فضائی حملوں میں کرکوک کے قریب الحشد الشعبی کے ایک ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں چار جنگجو ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ 28 فروری سے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے شروع کی جانے والی جنگ کے آغاز سے اب تک، الحشد الشعبی کے مراکز میں موجود ایران نواز تنظیموں کے ٹھکانوں پر کئی حملے کیے جا چکے ہیں۔
دوسری جانب ان تنظیموں نے عراق اور خطے میں "دشمن کے اڈوں" پر ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے حملے کرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے، تاہم انہوں نے اپنے اہداف کی نوعیت واضح نہیں کی۔