مدینہ منورہ ریجن میں سعودی ہلالِ احمر کی امدادی ٹیموں نے 78 سالہ پاکستانی مریض کے دل کی دھڑکن بحال کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ پاکستان کے ان بزرگ کے دل اور سانس اس وقت بند ہو گئے تھے جب وہ نمازِ مغرب کے بعد مسجدِ نبوی کے مغربی صحنوں میں موجود تھے۔ مدینہ منورہ ریجن میں سعودی ہلالِ احمر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر احمد الزهرانی نے بتایا کہ میڈیکل ڈسپيچ سینٹر کو جمعہ کی شام ایک اطلاع موصول ہوئی جس میں مسجدِ نبوی کے مغربی صحنوں میں ایک ہنگامی کیس کی موجودگی کی اطلاع دی گئی تھی۔
ڈاکٹر احمد الزهرانی نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی ماہر امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوئیں اور محض ایک منٹ 45 سیکنڈ کے ریکارڈ وقت میں وہاں پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ ٹیم نے منظور شدہ طبی پروٹوکول کے مطابق سی پی آر اور جدید طبی آلات کا استعمال کرتے ہوئے مریض کو طبی امداد فراہم کرنا شروع کردی ۔ اس نازک صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی معاون ٹیم بھی طلب کی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فوری طبی مداخلت کے بعد پیرا میڈیکل عملہ فیلڈ میں ہی مریض کے دل کی دھڑکن بحال کرنے میں کامیاب ہوگیا ۔ اس کے بعد پاکستان سے تعلق رکھنے والے بزرگ کو طبی نگہداشت کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسجدِ نبوی کے صحنوں میں ٹیموں کی فوری رسائی اور ہمہ وقت تیاری مریض کی زندگی بچانے میں معاون ثابت ہوئی۔
واضح رہے مسجدِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں تعینات امدادی اور رضاکار ٹیمیں رمضان المبارک کے دوران زائرین کی خدمت کے لیے ایک مربوط آپریشنل پلان کے تحت چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں تاکہ ہنگامی حالات میں فوری ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے اور زائرین کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کے معیار کو بلند کیا جا سکے۔