گمراہ کن معلومات اور افواہ سازی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی: سعودی انتباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 6 منٹ

ایک طرف سعودی عرب کے مختلف مقامات پر حیاتیاتی تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کے خلاف ایرانی حملوں کی لہر بڑھ رہی ہے، وہیں سرکاری ایسے انتباہات سامنے آئے ہیں جن میں سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں، گمراہ کن معلومات نشر کرنے والوں اور بدامنی پیدا کرنے والے مواد تیار کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی پر زور دیا گیا ہے ۔ انتباہ میں کہا گیا ہے کہ ایسا کرنے والے خطے میں جنگ کی صورتحال کے دوران امن و استحکام کو متاثر کرتے ہیں۔ واضح رہے امریکہ و اسرائیل اور ایران کے درمیان شروع ہونے والی جنگ کو تین ہفتے مکمل ہوگئے ہیں۔

انتباہات میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ایسی بدنیتی پر مبنی اور جعلی ویڈیوز کی گردش، جن میں ملک کے اہم مقامات کو نشانہ بنانے اور شہریوں کے نقصان کا دعویٰ کیا گیا ہے، حقائق کو جان بوجھ کر مسخ کرنے اور سعودی دفاعی نظام کی صلاحیتوں پر شک پیدا کرنے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں ہے۔ اس دفاعی نظام نے دارالحکومت ریاض اور مختلف علاقوں میں درجنوں بیلسٹک میزائلوں اور دشمن کے ڈرونز کو ناکام بنا کر غیر معمولی کارکردگی اور تیز رفتار ردعمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ ان افواہوں کی واضح تردید ہے اور پیغام ہے کہ قومی سلامتی ریڈ لائن ہے۔

دوسری جانب ایک سعودی سکیورٹی ذریعے نے ’’ العربیہ ڈاٹ نیٹ ‘‘ کو بتایا کہ سعودی سیکورٹی ادارے میزائل گرانے اور تباہ کرنے کی کارروائیوں کے نتائج کے حوالے سے اعلیٰ سطح کی شفافیت اور براہ راست انکشاف کی پالیسی رکھتے ہیں۔ وہ صرف اسی پر اکتفا نہیں کرتے بلکہ افواہوں کی تردید، داخلی محاذ کی مضبوطی اور سماجی استحکام کو گہرا کرنے کے لیے ساتھ ہی اطمینان بخش پیغامات بھی بھیجتے ہیں۔

سعودی عرب کے شہروں میں زندگی معمول کے مطابق چل رہی ہے۔ دفاعی نظام مسلسل ایرانی حملوں کو روکنے کی کارروائیوں میں تیزی لا رہا ہے۔ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ریاض شہر کی طرف داغے گئے 4 بیلسٹک میزائلوں کو ناکام بنایا گیا۔ ایک بیلسٹک میزائل کا حصہ جنوبی ریاض کی ایک ریفائنری کے قریب گرا۔ اس سے قبل دارالحکومت میں ہی 4 بیلسٹک میزائلوں کا سامنا کیا گیا تھاجس سے دفاعی نظام کے ذریعے روکے گئے بیلسٹک میزائلوں کی کل تعداد 8 ہوگئی ہے۔

اسی طرح سعودی وزارت دفاع نے ینبع بندرگاہ کی طرف داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو تباہ کیا۔ اس کے علاوہ سامرف ریفائنری میں ایک ڈرون گرا۔ اس سے کچھ دیر پہلے فضائی دفاعی نظام نے ریاض اور مشرقی علاقوں میں 8 ڈرونز کو تباہ کیا تھا۔ وزارت دفاع نے مشرقی صوبے کی طرف داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل اور 12 دشمن ڈرونز کا بھی مقابلہ کیا۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مملکت سعودی عرب نے ایران کے خلاف اپنے انتباہات کی سطح بڑھا دی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ ایرانی حملوں کو روکنے کے لیے تمام طریقے استعمال کرے گی۔ سعودی عرب نے ساتھ ہی یہ اعلان بھی کیا ہے کہ ایران پر اعتماد ختم ہو چکا ہے۔

ان تمام پیش رفتوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی اکاؤنٹس حقائق کے برعکس ڈیجیٹل کلپس کو جعلی طور پر تیار کرنے کا سہارا لے رہے ہیں تاکہ شہریوں اور مقیم افراد میں خوف و ہراس پیدا کیا جا سکے اور خوف کو ہوا دینے اور حقائق مسخ کرنے کی کوشش کی جا سکے۔

اسی تناظر میں سعودی سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بدنیتی پر مبنی افواہوں کے پیچھے لگنے کے بجائے سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اداروں جیسے وزارت دفاع اور سول ڈیفنس کا ابلاغی کام افواہوں کی بڑی حد تک تردید کرتا ہے اور رائے عامہ کے سامنے حقائق اور جاری واقعات پیش کرتا ہے۔ اس تردید نے عوام میں افواہوں کے پھیلاؤ کو روکنے اور ان سے متاثر نہ ہونے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ سکیورٹی ادارے ہنگامی صورتحال میں فوری انکشاف کے پابند ہیں تاکہ افواہوں کو رد کیا جائے اور تیز رفتار معلوماتی فراہمی کے ذریعے داخلی محاذ کو مضبوط بنایا جائے۔

قبل ازیں سٹیٹ سکیورٹی پریزیڈنسی نے انکشاف کیا تھا کہ سعودی عرب کو معاشرے کے افراد کے خلاف ایسے بیانیے کا سامنا ہے جن کا مقصد دھوکہ دہی، مکاری اور کامیابیوں کی قدر کم کرنے کے ذریعے ایسے فکری منصوبے بنانا ہے جو ملک کے مفادات کو نقصان پہنچائیں۔ سٹیٹ سیکورٹی پریزیڈنسی نےکہا کہ مملکت کو ایسے منظم پروپیگنڈے کا سامنا ہے جس کا مقصد افراتفری پیدا کرنا، الیکٹرانک غم و غصہ بھڑکانا اور معاشرے کے شعور کو ختم کرنا ہے۔

انہوں نے پہلے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ان مہمات میں سعودی ’’ ویژن 2030 ‘‘ اور اس کے بڑے منصوبوں کے آغاز کے ساتھ ہی تیزی آئی ہے تاکہ شکوک و شبہات اور غلط فہمیاں پیدا کی جا سکیں۔ چلائی جانے والی ان مہمات کا کا منبع سرحدوں سے باہر ہے۔ سعودی جنرل انٹیلی جنس (مباحث عامہ) نے بھی اس بات پر زور دیا تھا کہ خوف و ہراس پھیلانے والے بہت سے پیغامات اور اشارے مملکت کے باہر سے چلائے جا رہے ہیں جو ان منظم مہمات کا حصہ ہیں جو سعودی معاشرے کی اقدار سے میل نہیں کھاتی ہیں۔ ان کا مقصد حقائق کو مسخ کرنا اور استحکام کو نشانہ بنانا ہے۔ ایسی مہمات کا مقابلہ کرنے میں سماجی شعور بہت اہمیت رکھتا ہے۔

سعودی وزارت داخلہ نے شہریوں اور مقیم افراد پر زور دیا کہ وہ معلومات کی درستی کی تصدیق کریں اور افواہوں اور نامعلوم ذرائع سے ملنے والی ویڈیوز پھیلانے سے گریز کریں۔ ایسے وقت میں جب ایرانی حملے ملک کی سرزمین کو نشانہ بنا رہے ہیں، وزارت نے معلومات کو ان کے سرکاری اور مستند ذرائع سے حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں