عراقچی نے خامنہ ای کی مذاکرات پر آمادگی سے وٹکوف کو خفیہ طور پر آگاہ کیا: اسرائیلی میڈیا

مجتبیٰ خامنہ ای ایرانی شرائط کے مطابق جنگ کے فوری خاتمے پر راضی ہو گئے ہیں: ذرائع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت نے منگل کے روز رپورٹ دی ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کو خفیہ طور پر مطلع کیا ہے کہ ایرانی رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

یدیعوت احرونوت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات اور کسی معاہدے تک پہنچنے کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ نئے رہبرِ اعلیٰ نے ایرانی شرائط کے مطابق جنگ کو تیزی سے ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دینے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز اچانک اعلان کیا کہ انہوں نے ایرانی پاور پلانٹس کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کو 5 دن کے لیے ملتوی کرنے کی ہدایت دی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر ایک پوسٹ میں مزید کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان گذشتہ دو روز کے دوران انتہائی اچھے اور تعمیری مذاکرات ہوئے ہیں۔

انہوں نے لکھاکہ "مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ گذشتہ دو روز کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان مشرقِ وسطیٰ میں دشمنی کے مکمل اور جامع حل کے حوالے سے انتہائی اچھے اور تعمیری مذاکرات ہوئے ہیں۔ ان گہرے مفصل اور مثبت مذاکرات کے مواد کی بنیاد پر جو اس پورے ہفتے جاری رہیں گے میں نے وزارتِ جنگ کو ہدایت دی ہے کہ ایرانی پاور پلانٹس اور ان کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف تمام فوجی حملے پانچ دن کے لیے مؤخر کر دیے جائیں"۔

امریکی صدر نے حملوں کی معطلی کو دونوں ممالک کے درمیان جاری ملاقاتوں اور بات چیت کی کامیابی سے مشروط کیا ہے۔

بعد ازاں ڈونلڈ ٹرمپ نے "فاکس نیوز" کو دیے گئے بیانات میں واضح کیا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ 5 دن یا اس سے بھی کم وقت میں طے پا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ایران معاہدہ کرنے کے لیے بہت بے چین ہے اور یہ پانچ دن یا اس سے بھی کم وقت میں ہو سکتا ہے"۔ انہوں نے اس کے بعد ایک مختصر بیان میں مزید کہا کہ ایران کے حوالے سے "معاملات بہت اچھے جا رہے ہیں"۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں