ایرانی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے امریکہ کے بحری بیڑے 'ابراہم لنکن' کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
میزائل حملے کا نشانہ بیان کے مطابق اس وقت بنایا گیا جب یہ طیارہ بردار جہاز میزائلوں کی رینج میں آیا۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی طیارہ بردار جہاز پھر رینج میں آیا تو اسے میزائل حملے کا دوبارہ نشانہ بنایا جائے گا۔
ایرانی بحریہ نے قادر کروز میزائل کے ذریعے جہاز 'ابراہم لنکن' کو نشانہ بنایا۔ یہ میزائل جہاز شکن قرار دیا جاتا ہے۔ جبکہ امریکی بحری بیڑے 'ابراہم لنکن' کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ماہ جنوری میں ایران کا محاصرہ کرنے کے لیے علاقے میں بھیجا تھا۔
ایرانی فوج کے بیان کے مطابق اس کے حملے کی وجہ سے 'ابراہم لنکن' نامی بحری بیڑے کو اپنی جگہ تبدیل کرنا پڑی۔
ایران کے بحری فوج کے سربراہ ایڈمرل شاہ رام ایرانی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ امریکی بحری بیڑے کی نقل و حرکت کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور جیسے ہی وہ نزدیک آتا ہے ہمارے میزائل سسٹم کے ذریعے اس پر میزائل داغے جاتے ہیں۔
یاد رہے امریکہ کا جیرالڈ فورڈ نامی بحری بیڑہ بھی پہلے ایران کے ساتھ پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر گرد و پیش میں موجود تھا۔ تاہم اب اسے اس علاقے سے امریکی بحریہ دور لے گئی ہے۔