سعودی اور کویتی وزرائے خارجہ کی مشرقِ وسطیٰ میں فوجی کشیدگی کے اثرات پر گفتگو
خطے کی تازہ ترین صورت حال اور اس حوالے سے کی جانے والی مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے کویتی ہم منصب شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
اس گفتگو کے دوران خطے کی تازہ ترین صورت حال اور اس حوالے سے کی جانے والی مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کویتی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں شخصیات کی بات چیت میں خطے کے ممالک پر ہونے والی جارحیت کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی اور علاقائی و بین الاقوامی سطح پر امن و استحکام پر اس کے خطرناک اثرات اور تازہ ترین پیش رفت زیر بحث آئی۔
کويت کے اعلان کے مطابق گذشتہ گھنٹوں کے دوران دارالحکومت میں ایک حکومتی کمپلیکس کو دشمن کے حملے کے نتیجے میں شدید نقصان پہنچا، جبکہ کویتی وزارتِ مالیات نے بھی ایرانی جارحیت کے باعث "دشمن ڈرون کے ذریعے وزارتوں کے کمپلیکس کی عمارت کو نشانہ بنائے جانے" کے بعد ہونے والے نقصان کی اطلاع دی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ اس حملے کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کمپلیکس میں ملاقاتوں اور دوروں کو معطل کر دیا گیا ہے اور حکام دور بیٹھ کر اپنے فرائض انجام دیں گے۔