لبنان کی وزارت صحت نے دس روز کے لیے جنگ بندی کے اعلان کے بعد جنگ کے دوران اب تک کے جاں بحق ہونے والے لبنانیوں کےاعداد و شمار جاری کیے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق 2 مارچ سے 17 اپریل تک لگ بھگ 2300 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
ان جاں بحق لبنانیوں میں 274 خواتین اور 177 بچے اور بچیاں بھی شامل ہیں۔ جبکہ اسرائیلی فوج نے اس دوران 100 ایسے افراد کو بھی ہدف بنا کر ہلاک کیا ہے جو شعبہ طب سے منسلک ہیں۔ ان میں ڈاکٹروں کے علاوہ پیرا میڈکس اور ریسکیو اہلکار بھی شامل ہیں۔
تاہم لبنانی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ان اعداد و شمار کو حتمی نہیں کہا جا سکتا۔ کیونکہ بمباری سے تباہ ہونے والی بہت سی عمارتوں کا ملبہ ابھی ہٹایا جانا باقی ہے۔ ملبے کے ہٹائے جانے کے بعد ہی درست تعداد سامنے آسکے گی کہ مجموعی طور پر اسرائیلی فوج نے کتنے لبنانیوں کو نشانہ بنا کر قتل کیا ہے۔