راہِ زبیدہ کا اسلامی تاریخ کے اہم ترین راستوں میں شمار ہوتا ہے، جو صدیوں تک حجاج اور تجارتی قافلوں کے لیے ایک مرکزی شاہراہ کے طور پر استعمال ہوتا رہا۔
یہ اسٹریٹجک راستہ مکہ مکرمہ کو جنوبی عراق کے شہر کوفہ اور شام کے بعض علاقوں سے جوڑتا تھا، آج بھی اس کے آثار اس خطے کے عظیم تہذیبی ورثے کی گواہی دیتے ہیں۔
یہ راستہ صرف حج کے سفر تک محدود نہیں رہا بلکہ مختلف تہذیبوں، ثقافتوں اور تجارت کے تبادلے کا اہم ذریعہ بھی بنا، اور اسلامی دنیا کے سب سے اہم نقل و حمل کے راستوں میں شمار ہوتا رہا ہے۔
اسے زبیدہ بنت جعفر سے منسوب کیا جاتا ہے ،جو عباسی خلیفہ ہارون الرشید کی زوجہ تھیں، انہوں نے اس راستے کی تعمیر و مرمت اور حجاج و مسافروں کی سہولت کے لیے اس کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
اسلام سے قبل کی تاریخی جڑیں
اس راستے کی جڑیں اسلام سے قبل کے دور تک جاتی ہیں، تاہم اسلام کے آغاز کے بعد اس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا۔
خلافتِ راشدہ اور اموی دور میں یہ مزید ترقی کرتا رہا، جبکہ عباسی دور کے آغاز میں یہ اپنے عروج پر پہنچ گیا، جب اس کے ساتھ ساتھ مختلف اسٹیشنز، آرام گاہیں، پانی کے ذخائر، نہریں، بند اور قلعے تعمیر کیے گئے تاکہ حجاج کی حفاظت اور سہولت یقینی بنائی جا سکے۔
سعودی عرب کے اندر اس راستے کا حصہ شمالی سرحدی علاقے رفحاء سے شروع ہو کر جنوب کی طرف مکہ مکرمہ تک تقریباً 1400 کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔
اس میں 27 مرکزی اور اتنی ہی ذیلی اسٹیشنزشامل تھے، جو حجاج اور مسافروں کے لیے مکمل آرام گاہوں کی حیثیت رکھتی تھیں، جہاں پانی کے ذخائر، مساجد، بازار اور مختلف خدماتی سہولیات موجود تھیں۔
سفرنامہ نگاروں اور جغرافیہ دانوں کی مختلف ادوار میں دلچسپی
راہِ زبیدہ کو مختلف ادوار میں جغرافیہ دانوں، سیاحوں اور مؤرخین کی جانب سے بڑی توجہ حاصل رہی، جنہوں نے اس کی تاریخی اہمیت اور تہذیبی آثار کو تفصیل سے قلم بند کیا۔
ان میں معروف نام یعقوبی، ابن خرداذبہ، ابن رُستہ، مقدسی، ابن جبیر اور ابن بطوطہ شامل ہیں۔ اسی طرح کئی یورپی سیاحوں نے بھی اس راستے کا سفر کیا، جن میں فن لینڈ کے سیاح جارج فالین اور برطانوی مستشرقہ لیڈی این بلنٹ قابلِ ذکر ہیں۔
اس راستے کے ساتھ موجود پانی کے ذخائر، کنویں اور مختلف تعمیرات آج بھی اسلامی دور کی شاندار منصوبہ بندی اور اعلیٰ معیار کے بنیادی ڈھانچے کی عکاسی کرتے ہیں، جو حجاج کی سہولت کے لیے تیار کیا گیا تھا۔
یوں یہ راستہ اسلامی تاریخ میں حج کے سب سے اہم اور نمایاں تاریخی راستوں میں اپنا مقام برقرار رکھے ہوئے ہے۔
سعودی عرب کی تاریخی ورثے کے تحفظ پر توجہ
راہِ زبیدہ اور دیگر تاریخی حج راستوں کو سعودی عرب نے قیامِ مملکت کے آغاز سے ہی مسلسل توجہ دی ہے۔ یہ توجہ اس کی تاریخی اور تہذیبی اہمیت کے ساتھ ساتھ انسانی رابطے کے ایک پل اور اسلامی ورثے کی علامت ہونے کی وجہ سے ہے۔
آج راہِ زبیدہ ماضی کی عظمت اور مستقبل کی ترقی کے امکانات کے درمیان ایک زندہ تاریخی شاہد کے طور پر موجود ہے۔
اس کے مقامات کی دیکھ بھال اور بحالی کے ذریعے اسے ثقافتی، سیاحتی اور علمی مراکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جو سعودی عرب کی تہذیبی گہرائی اور اہمیت کو نمایاں کرتا ہے۔