اسرائیلی فوج نے آج جمعرات کو وادی بقا اور جنوبی لبنان کے علاقوں میں واقع آٹھ قصبوں اور دیہات کے رہائشیوں کو ممکنہ فضائی حملوں سے قبل علاقے خالی کرنے کی وارننگ جاری کی ہے۔
گزشتہ روز بدھ کو لبنان میں ایک خونی دن دیکھا گیا، جب اسرائیل کی 11 فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں کم از کم 5 بچے بھی شامل تھے، جبکہ 27 افراد زخمی ہوئے۔ یہ اعداد و شمار لبنان کی وزارتِ صحت نے جاری کیے ہیں۔
نئی مذاکراتی دور
سیاسی سطح پر ایک امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیدار نے بتایا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کا نیا دور آج جمعرات کو واشنگٹن کے وقت کے مطابق صبح 9 بجے شروع ہوگا اور اسی دن شام30: 5بجے تک جاری رہے گا، جبکہ یہ مذاکرات جمعہ کو دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔
عہدیدار کے مطابق ان اجلاسوں میں دو ورکنگ سیشن ہوں گے ،جن میں سیاسی اور سکیورٹی معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔
اس نئے دور میں شرکاء کی فہرست میں کچھ نئی شخصیات بھی شامل ہیں۔ لبنان کی نمائندگی واشنگٹن میں تعینات سفیر ندا حمادہ معوض کریں گی، جو پچھلے دونوں ادوار میں بھی شریک تھیں، جبکہ سابق سفیر اور خصوصی نمائندہ سائمن کرم بھی لبنان کی طرف سے شامل ہوں گے۔
اسرائیل کی جانب سے واشنگٹن میں تعینات سفیر یحیئل لیٹر اور نائب قومی سلامتی مشیر یوسی درازنین شرکت کریں گے۔
امریکی وفد میں محکمہ خارجہ کے مشیر مارک نیدام، لبنان میں امریکی سفیر مائیکل عیسیٰ اور اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی شامل ہوں گے۔