امریکہ نے تنازع کے خاتمے کے لیے ایران کے سامنے 5 شرائط رکھ دیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

ایران اور امریکہ کے درمیان نقطہ ہائے نظر کو قریب لانے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کے جلو میں، ایرانی ذرائع نے بتایا ہے کہ واشنگٹن نے ایرانی مطالبات کے جواب میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے تسلسل کے لیے تہران کو 5 ضروری شرائط پیش کی ہیں۔

فارس نیوز ایجنسی کی جانب سے آج اتوار کو جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ نے ایرانی سرزمیں پر بم باری سے ہونے والے نقصانات کے لیے کسی بھی قسم کا معاوضہ دینے سے انکار کر دیا ہے۔

ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ امریکی فریق اب بھی ایران کے اندر سے 400 کلو گرام اعلیٰ افزودہ یورینیم امریکہ منتقل کرنے پر اصرار کر رہا ہے۔

اسی طرح واشنگٹن اس بات پر بھی بضد ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات میں سے صرف ایک گروپ کو فعال رکھا جائے۔

امریکہ کا بیرون ملک منجمد ایرانی اثاثوں میں سے 25 فی صد سے زیادہ رہا کرنے کا بھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔ وہ اس بات پر بھی زور دیتا ہے کہ (لبنان سمیت) تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے کا معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

دوسری طرف ایران اب بھی اپنی منجمد مالی رقوم کی رہائی، جنگ سے ہونے والے نقصانات کے معاوضے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی پابندیوں کے خاتمے، تمام محاذوں بالخصوص لبنان میں جنگ بندی اور "آبنائے ہرمز پر ایرانی خود مختاری کے حق کو تسلیم کرنے" پر قائم ہے۔

امریکی صدر نے حال ہی میں معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ایران کو بھیانک انجام کی دھمکی دی تھی اور تازہ ترین امریکی تجویز پر ایرانی رد عمل کو "بہت برا" قرار دیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا تھا کہ وہ ایران کی تازہ ترین تجویز پر نظر ڈالیں گے اور اگر انھیں "اس کی پہلی سطر بھی پسند نہ آئی" تو وہ اسے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیں گے۔

واضح رہے کہ اپریل کے اوائل میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے براہ راست ایرانی امریکی مذاکرات کا پہلا دور کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا تھا، جس کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ نے 13 اپریل کو ایرانی بندرگاہوں کا شدید بحری محاصرہ کر لیا تھا۔

دوسری جانب ایرانی افواج نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو دھمکیاں دینا جاری رکھیں، جس کی وجہ سے اس اہم تزویراتی آبی گزرگاہ میں جہاز رانی کی نقل و حرکت تقریباً مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں