مشاعر مقدسہ پر حجاج کی سہولت کے لیے 66 سروس سینٹرز اور 20 اوور ہیڈ برجز تیار
وزارت بلدیات و ہاؤسنگ نے آپریشنل پلان مکمل کر لیا
سعودی عرب کی وزارت بلدیات و ہاؤسنگ نے سنہ 1447 ہجری کے حج سیزن کے لیے اپنے آپریشنل پلان کے تحت مقدس مقامات پر فیلڈ سروسز کے نظام کی مکمل تیاری کا اعلان کیا ہے۔ یہ سروسز ایک مربوط نظام کے تحت فراہم کی جا رہی ہیں جس کا مقصد زیادہ رش والے مقامات پر ہنگامی ردعمل کی رفتار کو تیز کرنا اور آپریشنل کارکردگی بڑھانا ہے تاکہ ضیوف الرحمن کی آمد و رفت میں آسانی اور خدمات کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزارت نے زور دے کر کہا کہ اس کا آپریشنل پلان مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات پر بلدیاتی و سفری سہولیات کی تیاریوں کو بہتر بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے تاکہ حجاج کرام کی بڑھتی ہوئی تعداد کو سنبھالنے کے ساتھ ساتھ رواں سیزن کے دوران ان کے نقل و حرکت کے تجربے کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
في مكة والمشاعر؛ تجد كل خطوة ما يساندها من مركز يقرّب الخدمة، وجسر يختصر المسافة، وعناية شاملة تُيسّر رحلة ضيوف الرحمن.#حياكم_الله pic.twitter.com/pKGLgKgkZj
— وزارة البلديات والإسكان (@Momah_SA) May 19, 2026
فیلڈ آپریشنز کے لیے 66 سروس سینٹرز فعال
وزارت صحت نے وضاحت کی کہ اس پلان میں 66 سروس سینٹرز کو فعال کرنا شامل ہے جن میں سے 28 سینٹرز مقدس مقامات کے اندر موجود ہیں۔ یہ مراکز فیلڈ سپورٹ اور آپریشنل یونٹس کے طور پر کام کریں گے تاکہ خدمات کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ فیلڈ میں موصول ہونے والی شکایات اور رپورٹس پر فوری کارروائی کی جا سکے۔
وزارت نے بتایا کہ تیاریوں کے کاموں میں عوامی مقامات، آپریشنل ہیڈ کوارٹرز اور لاجسٹک سپورٹ سائٹس کی دیکھ بھال اور تزئین و آرائش شامل ہے تاکہ مقدس مقامات کے اندر مختلف اہم پوائنٹس پر فیلڈ ٹیموں کی تیاری کو مضبوط بنایا جا سکے۔
آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے پل اور سرنگیں
ان کاموں میں پیدل چلنے والوں کے لیے 20 اوور ہیڈ برجز اور 18 سرنگوں کی تعمیر و تیاری شامل ہے۔ اس کے علاوہ آمد و رفت کے راستوں کے آس پاس کی سڑکوں اور چوکوں کو بھی ترقی دی گئی ہے تاکہ ہجوم کی نقل و حرکت کو آسان بنانے اور حج سیزن کے دوران ٹریفک کی کارکردگی کو بڑھانے میں مدد مل سکے۔
وزارت بلدیات و ہاؤسنگ نے سنہ 1447 ہجری کے حج سیزن کے لیے اپنے آپریشنل منصوبوں کے تحت پہلے ہی 11 ملین لکیری میٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر اور سڑکوں کے تقریباً 74 ملین مربع میٹر رقبے کی مرمت و ترقی کا اعلان کیا تھا۔
ان کاموں میں پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کے لیے 123 پلوں اور 44 سرنگوں کی تیاری کو حتمی شکل دینا شامل تھا، جبکہ مقدس مقامات پر نقل و حرکت کے نظام کے تحت مزید 62 سرنگوں کو بھی تیار کیا گیا ہے۔
بنیادی ڈھانچے اور خدمات کے حوالے سے وزارت نے مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات پر 3 لاکھ 30 ہزار سے زائد لائٹنگ یونٹس اور 1 لاکھ 50 ہزار لائٹنگ پولز کو فعال کیا ہے تاکہ سکیورٹی اور سلامتی کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ حجاج کو فراہم کی جانے والی خدمات اور آمد و رفت کی کارکردگی کو بڑھایا جا سکے۔
بلدیاتی خدمات کے لیے 4500 رضاکاروں کی خدمات
وزارت نے علاقائی بلدیات کی نمائندگی کرتے ہوئے بلدیاتی رضاکارانہ نظام کے تحت 4500 سے زائد مرد اور خواتین رضاکاروں کو بھی تیار کیا ہے تاکہ وہ مقدس مقامات کی طرف جانے والے اہم پوائنٹس، داخلی راستوں اور سڑکوں پر ضیوف الرحمن کی خدمت میں حصہ لے سکیں اور رواں سیزن کے دوران آپریشنل و سروسز کی کوششوں کو تقویت مل سکے۔