اسرائیلی فوج نے ہماری ایک بیرک کو نشانہ بنایا ہے: لبنانی فوج کا اعلان

النبطیہ شہر میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ایک فوجی درمیانی درجے کا زخمی ہوگیا: بیان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

حزب اللہ کے ساتھ جاری جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حملے جاری ہیں۔ اسی دوران لبنانی فوج نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے جنوب میں واقع اس کی ایک بیرک کو اسرائیلی فوج نے اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ اس حملے کے نتیجے میں ہمارا ایک فوجی زخمی ہو گیا۔ فوج نے ایک بیان میں کہا کہ النبطیہ شہر میں فوج کی بیرک پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ایک فوجی درمیانی درجے کا زخمی ہوا۔

10 دیہات اور قصبوں کو خالی کرنے کا انتباہ

ہفتے کے روز ہی اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے 10 دیہات اور قصبوں کو خالی کرنے کے لیے ایک نیا انتباہ جاری کیا جن میں سے کچھ دریائے لیطانی کے شمال میں واقع ہیں تاکہ وہاں بمباری کی جا سکے۔ فوج کے ترجمان نے ایکس پر ایک بیان میں النبطیہ التحتا، کفر تبنيت، زبدين، عربصاليم، كفررمان، جبوش، بلاط، دير كيفا، حاروف اور جبشيت کے باسیوں کو انہیں مکمل طور پر خالی کرنے کا حکم دیا اور خبردار کیا کہ جو کوئی بھی حزب اللہ کے عناصر ان کی تنصیبات اور ان کے جنگی سازوسامان کے قریب موجود ہوگا وہ اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالے گا۔

اسرائیلی فوج روزانہ کی بنیاد پر دیہات اور قصبوں کو خالی کرنے کے انتباہات جاری کرتی ہے۔ ان وارننگز کا جغرافیائی دائرہ وسیع ہو کر اکثر اوقات سرحد سے دور ان علاقوں تک پھیل گیا ہے۔ یہ وہ علاقے ہیں جہاں مقامی لوگ اور دیگر علاقوں سے بے گھر ہونے والے افراد مقیم ہیں۔

یاد رہے 15 مئی سے جنگ بندی، جس میں مزید 45 دنوں کی توسیع کا اعلان کیا گیا ہے، کے نفاذ کے بعد سے اسرائیل ان حملوں کو جاری رکھے ہوئے ہے جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ اور اس کے عناصر کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ اسرائیل سرحد کے قریبی علاقوں میں دھماکوں اور تباہی کی کارروائیاں کر رہا ہے جن پر اس کی افواج کا قبضہ ہے۔ دوسری طرف حزب اللہ جنوب میں اسرائیلی فوجیوں پر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور شمالی اسرائیل کی طرف ڈرون طیارے داغ رہی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں