سعودی عرب کی کویت پر بار بار ہونے والے ایرانی حملوں کی شدید مذمت
ریاض کی جانب سے کویتی اقدامات کی مکمل حمایت، ملکی سکیورٹی اور خودمختاری کے تحفظ کا عزم
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے برادر ملک کویت پر بار بار ہونے والے مجرمانہ ایرانی حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت ان جارحانہ حملوں کو قطعی طور پر مسترد کرتی ہے جو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی واضح خلاف ورزی کرتے ہوئے ریاست کویت کی خودمختاری کو متاثر کرتے ہیں۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ یہ خلاف ورزیاں خطے میں سکیورٹی اور استحکام کی بحالی کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں کو سبوتاژ کرتی ہیں۔
سعودی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مملکت نے برادر ملک کویت کی حکومت اور عوام کے ساتھ کامل یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور کویت کی خودمختاری، سکیورٹی، استحکام اور اس کے غیور عوام کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام کویتی اقدامات کی اپنی مکمل اور بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
اس سے قبل کویت کے فضائی دفاعی نظام نے دشمن کے میزائل حملوں اور ڈرون طیاروں کو کامیابی سے ناکام بنا دیا تھا، جس کے دوران ملک بھر میں سائرن بج اٹھے۔
کویتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کویت کی مسلح افواج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز نے اعلان کیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ذریعے کیے جانے والے حملوں کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔
پیر کے روز جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں عسکری ترجمان نے وضاحت کی کہ اگر دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں تو وہ دشمن کے حملوں کو روکنے والے دفاعی نظام کی کارروائی کا نتیجہ ہیں۔ بیان میں تمام شہریوں اور مقیم افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کی طرف سے جاری کردہ سکیورٹی اور سلامتی کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔