آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہاز پر نامعلوم حملہ، حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب سلطنتِ عمان کے ساحل کے قریب آبنائے ہرمز کے علاقے میں ایک آئل ٹینکر نامعلوم نوعیت کے ایک حملے کا نشانہ بنا۔

ادارے نے اپنے بیان میں کہا کہ آئل ٹینکر کے بائیں جانب ایک نامعلوم شے یا گولہ آ کر لگا، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس وقت ٹینکر جنوبی سمت میں سفر کر رہا تھا۔

برطانوی ادارے کے مطابق اس واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے یا ماحولیاتی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

یہ حملہ سلطنتِ عمان کے شہر لیما سے تقریباً 8 بحری میل مشرق میں پیش آیا۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) نے تمام بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرتے وقت انتہائی احتیاط برتنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔ ادارے کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب امریکی خبر رساں ویب سائٹ Axios'' ''نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی جانب کم از کم دو میزائل داغے، جس کے نتیجے میں دو جہازوں کو شدید نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باعث یکم مارچ سے تجارتی جہاز رانی شدید متاثر رہی، جب ایران نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں اس اہم آبی گزرگاہ کو بند کر دیا تھا، جبکہ امریکہ نے بھی ایرانی بندرگاہوں پر پابندیاں اور بحری دباؤ بڑھا دیا تھا۔

بعد ازاں 17 جون کو واشنگٹن اور تہران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کے بعد بحری آمدورفت بحال ہوئی۔ تاہم ایران کا کہنا ہے کہ امریکی مخالفت کے باوجود آبنائے ہرمز میں جنگ سے پہلے والی آزادانہ گزرگاہ کی صورتِ حال بحال نہیں ہوگی۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اس کی جانب سے مقرر کردہ ساحلی راستے سے ہٹ کر گزرنے یا اس سے بچنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔

آبنائے ہرمز مشرقِ وسطیٰ کو دنیا خصوصاً ایشیائی منڈیوں سے ملانے والی ایک نہایت اہم آبی گزرگاہ ہے۔ امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن (EIA) کے مطابق 2024 کے دوران اس راستے سے یومیہ تقریباً 2 کروڑ بیرل خام تیل منتقل کیا جاتا تھا، جو دنیا میں استعمال ہونے والے مائع ایندھن کا تقریباً 20 فیصد بنتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں