نجران تاریخی اور تفریحی کشش کے ساتھ عالمی سیاحتی نقشے پر اپنی جگہ بنا نے میں کوشاں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 7 منٹ

نجران ایک بار پھر ملکی و عالمی سیاحتی توجہ کا مرکز بننے جا رہا ہے، جہاں 2027 میں ایک نئی اور جدید تفریحی منزل کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے۔ جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ کی جانب سے کیے گئے اس اعلان نے نہ صرف نجران کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے بلکہ اسے سعودی عرب کے ابھرتے ہوئے سیاحتی اور تفریحی مراکز میں ایک اہم مقام دلانے کی راہ بھی ہموار کر دی ہے۔ یہ منصوبہ نجران کے تاریخی، ثقافتی اور قدرتی حسن کو جدید تفریحی سہولیات کے ساتھ جوڑتے ہوئے اسے آئندہ برسوں میں ایک نمایاں سیاحتی منزل کے طور پر پیش کرے گا۔

یہ منصوبہ ایک لاکھ مربع میٹر رقبے پر محیط ہوگا اور اس میں تفریحی سہولیات، متنوع تجربات، ریستوران اور مختلف تقریبات شامل ہوں گی۔

یہ اقدام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ سعودی عرب میں بڑے شہروں سے باہر بھی تفریحی اور سیاحتی منصوبوں کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے اور ابھرتے ہوئے علاقوں کو سعودی سیاحتی نقشے پر نمایاں مقام دیا جا رہا ہے۔یہ نئی تفریحی منزل ملک کے جنوب مغرب میں واقع نجران شہر کی کشش میں اضافہ کرے گی۔

نجران اپنے متنوع آثارِ قدیمہ اور تاریخی مقامات کی وجہ سے پہلے ہی منفرد اہمیت رکھتا ہے، جبکہ نئے تفریحی منصوبے سے شہر کو جمالیاتی اور سیاحتی اعتبار سے مزید تقویت ملے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ تفریحی شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے نجران عالمی سیاحتی نقشے پر ایک مسابقتی مقام حاصل کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ تقریباً 365 ہزار مربع کلومیٹر رقبے پر مشتمل نجران، خرخیر کے علاقے سمیت، آئندہ برسوں میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک عالمی سیاحتی مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

نجران کے تاریخی مقامات میں قصر الامارہ کو خاص اہمیت حاصل ہے، جو اپنی تاریخی اور ثقافتی قدر کے باعث سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔

سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع نجران خطہ متعدد آثارِ قدیمہ کے مقامات کا حامل ہے۔ قدیم تجارتی راستوں اور جزیرہ نما عرب کے مغربی و وسطی قبائل کے گزرگاہ کے طور پر اس کی تاریخی اہمیت مسلم ہے۔

یہاں کے نمایاں آثار میں منطقہ، حمہ، موقع الاخدود، المندفن، تاریخی کنویں، اور موقع الثویلہ شامل ہیں۔ 2027 تک مکمل ہونے والا نیا تفریحی منصوبہ نجران کے باشندوں کے لیے بھی تفریح کے وسیع مواقع فراہم کرے گا۔

محقق اور مورخڈاکٹر محمد آل زلفہ نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعلان ایک اسٹریٹجک قدم ہے جو نجران کی قدرتی، تاریخی اور ثقافتی خصوصیات سے ہم آہنگ ہے۔ ان کے مطابق نجران کئی برسوں سے مملکت کی اہم سیاحتی منزل بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ڈاکٹر آل زلفہ نے مزید کہا کہ اس اقدام کا طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا اور یہ نجران میں معاشی و سیاحتی ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔

ان کے مطابق نجران ہزاروں سال پر محیط تاریخی اور تہذیبی ورثہ رکھتا ہے، جہاں قبل از اسلام، اسلامی ادوار اور بعد کے زمانوں سے تعلق رکھنے والے آثار موجود ہیں۔

یہی تاریخی دولت نجران کو ایک منفرد مسابقتی برتری فراہم کرتی ہے، جس کے ذریعے یہ تاریخ اور آثارِ قدیمہ میں دلچسپی رکھنے والے افراد، محققین اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کر سکتا ہے۔

اسی تناظر میں سعودی محقق محمد آل زلفہ نے وضاحت کی کہ کسی بھی سیاحتی منصوبے کی کامیابی کے لیے تاریخ، ورثہ اور تہذیب جیسے عناصر کا یکجا ہونا ضروری ہے اور نجران میں یہ تمام خصوصیات واضح طور پر موجود ہیں۔

اس کے علاوہ جدید شاہراہوں، بجلی و پانی کی خدمات، رہائشی سہولیات اور مختلف معیار کے ہوٹلوں پر مشتمل ترقی یافتہ بنیادی ڈھانچہ بھی موجود ہے، جو خطے کو بڑی تعداد میں سیاحوں کے استقبال کے لیے تیار بناتا ہے۔

عناصرِ کشش

انہوں نے نشاندہی کی کہ نجران میں کشش کے نمایاں عناصر میں مقامی معاشرے کی فطرت شامل ہے، جو اپنی مہمان نوازی اور زائرین کے خیرمقدم کے لیے معروف ہے۔

ان کے مطابق یہ پہلو سیاحتی تجربات کی کامیابی کو مزید تقویت دیتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ نجران خطہ روایتی صنعتوں اور دستکاریوں سے مالا مال ہے، جن میں لکڑی، مٹی اور دھات سے بنی مصنوعات شامل ہیں۔

ان ہنر مند کاریگریوں کو علاقے کے مرد و خواتین نسل در نسل محفوظ رکھے ہوئے ہیں اور یہ نجران کی ثقافتی شناخت کا اہم حصہ سمجھی جاتی ہیں۔

غنی ثقافتی ورثہ

آل زلفہ نے اس بات پر زور دیا کہ نجران عوامی اور نمائشی فنون کے ایک بھرپور ورثے کا حامل ہے۔ اس کے علاوہ شہر کی عمرانی منصوبہ بندی، باغات اور تفریحی پارکس بھی اس کی نمایاں خصوصیات میں شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نجران میں مملکت کے بڑے پارکوں میں سے ایک پارک موجود ہے، جس کا رقبہ تقریباً پانچ ملین مربع میٹر ہے۔ یہ وسیع سبزہ زار نہ صرف شہریوں اور سیاحوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بناتا ہے بلکہ مختلف تقریبات، تفریحی سرگرمیوں اور موسمی فیسٹیولز کے انعقاد کے لیے بھی موزوں ماحول فراہم کرتا ہے۔

نجران کا غیر معمولی تاریخی پہلو

آل زلفہ نے بتایا کہ آثارِ قدیمہ اور ثقافتی ورثے کے مقامات، خصوصاً موقع الاخدود، نجران کو ایک منفرد تاریخی حیثیت عطا کرتے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ علاقے میں ثقافتی اور عجائب گھر سے متعلق منصوبوں کی تکمیل بھی جاری ہے، جو نجران کی قدیم تاریخ کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اس کے علاوہ نجران کی روایتی طرزِ تعمیر، تاریخی محلات اور قدیم عمارتیں اس کے مخصوص تعمیراتی اسلوب کی عکاسی کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بئر عسکر کا علاقہ نایاب قدرتی پتھروں کا حامل ہے، جنہیں عالمی سطح کے منصوبوں میں استعمال کیا گیا ہے۔ ان میں فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے مشہورشانزے لیزےکے بعض حصوں کی فرش بندی بھی شامل ہے۔ یہ امر اس علاقے کی ارضیاتی اور اقتصادی اہمیت کو نمایاں کرتا ہے۔

اپنے بیان کے اختتام پر آل زلفہ نے کہا کہ اس نئی تفریحی منزل کا آغاز ایک کامیاب اور بروقت فیصلہ ہے، جو مملکت کے مختلف علاقوں کے درمیان متوازن ترقی کو فروغ دے گا۔

ان کے مطابق یہ منصوبہ نجران کو سیاحتی، ثقافتی اور تفریحی مرکز کے طور پر وہ مقام دلانے میں مدد دے گا جس کا وہ مستحق ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نجران مستقبل میں اندرونی سیاحت کی اہم ترین منزلوں میں شامل ہوگا اور یہاں ایک بڑا تفریحی سیزن منعقد کیا جائے گا، جو اس کے تاریخی ورثے، ثقافت، قدرتی حسن اور ترقیاتی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں