.

پاک فوج اور رینجرز کے دستے پاکستان ٹیلی ویژن پہنچ گئے

پرتشدد مظاہرین نے پی ٹی وی نیوز اور پی ٹی ورلڈ پر قبضہ کر لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان فوج اور رینجرز کے دستے پاکستان ٹیلی ویژن پہنچ گئے ہیں، مظاہرین پاکستان ٹیلی ویژن سے باہر آنا شروع ہو گئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے پر تشدد مظاہرین نے پاکستان ٹیلی ویژن پر قبضہ کر کے پی ٹی وی ورلڈ اور پی ٹی وی نیوز پر قبضہ کر کے نشریات بند کرا دیں، عملے کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

تاہم پاک فوج اور رینجرز کے دستے جب پہنچے تو مظاہرین نے پی ٹی وی کی عمارت خالی کرنا شروع کر دی ہے ، پاک فوج نے دس منٹ میں مظاہرین کو پی ٹی وی کی عمارت مکمل طور پر خالی کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

اس سے قبل عوامی تحریک اور پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار اور پٹرول بموں سے لیس مظاہرین پاکستان ٹیلی ویژن نیوز کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے تھے، بلوائی کھڑکیوں اور دروازوں کے شیشے توڑ کر اندر داخل ہو گئے، عملے کو یر غمال بنا لیا ہے۔

پی ٹی ورلڈ کی نشریات قابضین نے بند کرا دیں ہیں۔ پاک فوج کو طلب کر لیا گیا ہے۔ قومی نشریاتی ادارے پر قبضہ کر کے مظاہرین نے پاکستان کا رابطہ پوری دنیا سے منقطع کر دیا۔ آلات کو تباہ کیا جا رہا ہے، تاریں کاٹ دی گئی ہیں۔

اس سے پہلے طاہر القادری نے اشتعال انگیز تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکنوں نے پاک سیکرٹریٹ پر قبضہ کر لیا ہے ، پولیس بھاگ گئی ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ ڈٹے رہو، پولیس ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔

کیمرہ چوری کا الزام

پاکستان ٹیلی ویژن کے ایم ڈی محمد مالک نے کہا ہے کہ پیر کے روز بلوائیوں نے قومی ادارے پر حملے کے دوران پی ٹی وی کے کروڑوں کے کیمرے چوری کر لیے گئے ہیں۔ پی ٹی وی حکومت کا نہیں ریاست کی علامت ہے ۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے منیجبگ ڈاریکٹر ادارے کے کروڑوں کے کیمرے چوری کر لیے گئے ہیں، کیبل کی تاریں کاٹیں گئیں، ہجوم کی وجہ سے ورکرز زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک نجی چینل تین دن سے پی ٹی وی پر حملے کی خبر نشر کر رہا تھا۔

ایم ڈی پی ٹی وی نے کہا کہ ٹرپل ون بریگیڈ نے معاملات خوش اسلوبی سے حل کرائے ہیں، پاکستان ٹیلی ویژن کی نشریات گرافکس کے بغیر بحال کی گئیں ہیں کیوں کہ قابضین نے ادارے کے ایم سی آر کو نقصان پہنچایا ہے، توڑ پھوڑ کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس یہاں سے بھاگ گئی ہے، پاک فوج کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے عمارت کو مظاہرین سے خالی کروا لیا، ٹرپل ون بریگیڈ کے میجر سرفراز نے معاملہ احسن طریقے سے نبھایا، پی ٹی وی حکومت کی نہیں ریاست کی علامت ہے، آج قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔