پاکستانی فوجیوں کی کنٹرول لائن پرجوابی فائرنگ ، 5 بھارتی فوجی ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پاکستانی فوجیوں نے حد متارکہ جنگ ( لائن آف کنٹرول) پر تتہ پانی سیکٹر میں بھارتی فوجیوں کی بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور جواب دیا ہے اور سرحد پار فائرنگ کے تبادلے میں پانچ بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی فوجیوں نے جوابی گولہ باری کرکے بھارتی فوج کے بنکر بھی تباہ کر دیے ہیں۔

کنٹرول لائن کے آر پار اس ہفتے کے دوران میں فائرنگ کے تبادلے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ جمعرات کے روز بھارتی فوجیوں کی بلا اشتعال فائرنگ سے دو پاکستانی جاں بحق اور چھے زخمی ہوگئے تھے۔

پاکستانی اور بھارتی فوج کے درمیان آزاد اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان لائن آف کنٹرول پر 2016ء کے آخر سے وقفے وقفے سے معمولی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔دونوں فوجوں کے درمیان ورکنگ باؤنڈری پر بھی فائرنگ کے تبادلے کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے گذشتہ سال ستمبر میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے اُڑی میں ایک فوجی اڈے پر حملے کے بعد پاکستان کو سفارتی سطح پر الگ تھلگ کرنے کے لیے مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بھارت نے پاکستان پر بلاثبوت اس حملے میں ملوث ہونے کا الزام عاید کیا تھا۔

اس واقعے کے بعد بھارتی لیڈروں پاکستان کے خلاف تند وتیز بیانات جاری کیے تھے جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی مسلح افواج کے نہتے کشمیریوں پر مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کے الزامات عاید کیے تھے۔ مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ سال جولائی میں بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک حریت پسند نوجوان لیڈر برہان وانی کی شہادت کے واقعے کے بعد سے صورت حال کشیدہ ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں