.

بہاولپورمیں آئل ٹینکرکے الٹنے کے بعد آگ لگنے سے 153 افراد جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع بہاول پور میں قومی شاہراہ پر آئل ٹینکر کے الٹنے کے بعد آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 153 ہوگئی ہے اور 100 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع بہاول پور کے شہر احمد پورشرقیہ کے قریب آئل ٹینکر تیزی سے موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گیا۔اس کے بعد نزدیک واقع گاؤں رمضان پور جوئیہ سے تعلق رکھنے والےمتعدد لوگ آئل ٹینکر سے گرنے والا پیٹرول برتنوں اور بالٹیوں وغیرہ میں ڈالنے کے لیے جمع ہوگئے۔ حادثے سے متعلق موٹروے پولیس کا کہناتھا کہ آگ لگنے سے قبل اہلکاراور مقامی آبادی کے کچھ افراد لوگوں کو خطرے سے آگاہ کرتے رہے لیکن پیٹرول جمع کرنے والوں نے ان کی ایک نہ سنی۔

اس دوران آئل ٹینکرمیں دھماکا ہوگیا اور آگ لگ گئی، جس سے وہاں موجود متعدد لوگوں بری طرح جھلس گئے اور آئل ٹینکر سے گزرنے والی درجنوں موٹر سائیکل اورگاڑیاں بھی جل گئیں۔آئل ٹینکر میں چالیس ہزار لیٹر ایندھن بھرا ہوا تھا اور وہ کراچی سے لاہور آرہا تھا۔

حکام نے اتوار کی شب اس افسوس ناک حادثے میں 153 اموات کی تصدیق کی تھی۔ زخمیوں میں 50 افراد کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔اس کے پیش نظر حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

حادثے کی جگہ پر فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی تھیں۔جھلسے ہوئے افراد کو بہاول پور کے ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتال ،بہاول وکٹوریہ اسپتال اورنشتراسپتال ملتان منتقل کیا گیا ہے۔ وکٹوریہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور تمام ڈاکٹرز کو طلب کرلیا گیا ہے، اسپتال میں زخمیوں کیلئے دستیاب سامان کم پڑگیا۔زخمیوں کےلیے دیگروارڈز بھی خالی کرا لیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے ایم ایس وکٹوریہ ڈاکٹرطاہرہ سعید نے بتایا کہ ان کے ہاں شدید جھلسے ہوئے 67 افراد کو منتقل کیا گیا ہے جب کہ زخمیوں کوسی ایم ایچ سمیت دیگر اسپتالوں میں بھی منتقل کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے اس الم ناک حادثے پرافسوس کا اظہارکیا ہے اور زخمیوں کی اسپتال منتقلی کے لیے آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز روانہ کردیے گئے ہیں جب کہ تمام اسپتالوں میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

وزیراعلی ٰپنجاب نے احمدپور شرقیہ کے قریب اس واقعے کی فوری انکوائری کا حکم دیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلی ٰنے زخمیوں کوبہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردلی دکھ کا اظہارکیا ہے۔ انھوں اپنا سرکاری ہیلی کاپٹرزخمیوں کواسپتال منتقل کرنےکے لیے بھیجا ہے۔