بیگم کلثوم نواز شریف کے گلے میں سرطان کی تشخیص
پاکستان کی سابق خاتون اوّل بیگم کلثوم نواز شریف کے گلے میں سرطان ( کینسر) کی تشخیص ہوئی ہے۔حال ہی میں لندن میں ٹیسٹوں کے بعد ان کے اس موذی مرض میں مبتلا ہونے کا پتا چلا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے ایک سینیر رہ نما نے منگل کے روز مقامی صحافیوں کو بتایا ہے کہ بیگم کلثوم نواز شریف کا لندن میں تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا ہے۔
پاکستان کے نجی ٹیلی ویژن چینل جیو نیوز نے برطانوی ڈاکٹروں کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے کہ بیگم کلثوم نواز سرطان کا شکار ہیں لیکن یہ ایک قابل علاج مرض ہے۔
پی ایم ایل –ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم اس مرض کے علاج کے لیے سرجری کے بجائے کیموتھراپی کو ترجیح دیں گی۔تاہم ان کا کہنا تھا یہ تو ابھی ابتدائی تشخیص ہے اور مزید ٹیسٹوں کے بعد اس مرض سے متعلق مزید معلومات دستیاب ہوسکیں گی۔
بیگم کلثوم نواز لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 سے حکمراں جماعت کی امیدوار ہیں۔ ایوان زیریں کی یہ نشست ان کے خاوند اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی عدالت عظمیٰ کے پاناما پیپرز کیس کے فیصلے میں نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔
وہ 17 اگست کو اچانک طبی معائنے کے لیے لندن چلی گئی تھیں اور وہ الیکشن کمیشن کے روبرو اپنے کاغذات نامزدگی کی جانچ پرتال کے وقت پیش بھی نہیں ہوئی تھیں جہاں ان کے حریف امیدواروں نے ان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کیے تھے۔
تاہم الیکشن کمیشن نے ان کے خلاف دائر کردہ اعتراضات کو مسترد کردیا تھا اور انھیں 17 ستمبر کو ہونے والا ضمنی انتخاب لڑنے کا اہل قرار دیا تھا۔ان کے مد مقابل پاکستان تحریک انصاف نے بھی ایک خاتون ڈاکٹر یاسمین راشد کو اتارا ہے۔