.

عمران نے بشریٰ مانیکا کو شادی کی پیشکش کی ہے: پی ٹی آئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے 66 سالہ چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ "عمران خان نے بشریٰ مانیکا کو ابھی صرف شادی کی پیشکش کی ہے۔"

تحریک انصاف کے بذریعہ ٹویٹر جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق "بشریٰ مانیکا نے عمران خان کی اس پیشکش پر حتمی جواب دینے کے لیے وقت مانگا ہے۔"

ذرائع کے مطابق بشریٰ مانیکا نے کہا ہے کہ وہ خاندان سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گی۔

تحریک انصاف کے مطابق اگر بشریٰ مانیکا نے شادی کی پیشکش قبول کی تو عمران خان اس بات کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

اس موقع پر تحریک انصاف نے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ وہ دونوں خاندانوں کی نجی زندگی کا خیال رکھیں۔

بشری مانیکا کون ہیں؟

پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی تیسری شادی ان کی روحانی رہنما بشری مانیکا کے ساتھ ہونے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ بشری مانیکا بیوروکریٹک حلقوں میں پیرنی کے طور پر مشہور ہیں۔

عمران خان کی پہلی بار 2015 میں این اے 154 (لودھراں) کے ضمنی انتخاب سے قبل بشریٰ مانیکا سے ملاقات ہوئی تھی۔ ان کی تیسری ممکنہ بیوی بشری مانیکا پانچ بچوں کی ماں ہیں۔ بشری مانیکا نے حال ہی میں اپنے سابق شوہرخاور فرید مانیکا سے خلع لی ہے۔ بشری مانیکا کی عمر50 سال کے لگ بھگ ہے اور تعلق پاکپتن کے وٹو خاندان سے ہے۔

بشری کے سابق خاوند خاور فرید مانیکا کسٹمز آفیسر ہیں اور ان کے والد غلام فرید مانیکا وفاقی وزیر رہے ہیں۔ بشری کے دو بیٹوں ابراہیم مانیکا اور موسیٰ مانیکا نے 2013 میں ایچیسن کالج لاہور سے گریجوایشن مکمل کی اور اب بیرون ملک تعلیم حاصل کر ہے ہیں۔ تین بیٹیوں میں سب سے بڑی بیٹی مہرو مانیکا رکن صوبائی اسمبلی میاں عطا مانیکا کی بہو ہیں۔