فواد خان سعودی عرب کے حج انتظامات سے نہایت متاثر
رواں سال فریضہِ حج کی سعادت حاصل کرنے والے پاکستانی اداکار فواد خان نے حج کے موقع پر جمِ غفیر کے باوجود مجمع کو منظّم رکھنے کے لیے مملکتِ سعودی عرب کی انتظامی صلاحیت پر پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
ٹوئیٹر پر CGC Saudi کے پیج پر جاری وڈیو میں پاکستانی اداکار نے بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ پہلی مرتبہ حج کے لیے آئے ہیں۔ فواد خان کے مطابق 30 لاکھ افراد کے درمیان موجودگی کا احساس آپ کو ایسی راحت پہنچاتا ہے جس کی مثال روئے زمین پر نہیں ملتی۔
الفنان الباكستاني فؤاد خان بعد أداء مناسك الحج، يتحدث بإعجاب عن كفاءة المملكة في إدارة الحشود في الحج بانسيابية وسلاسة رغم الأعداد الغفيرة. #العالم_في_قلب_المملكة pic.twitter.com/zgHfoVduAP
— التواصل الحكومي (@CGCSaudi) August 28, 2018
وڈیو میں انگریزی زبان میں گفتگو کرنے والے پاکستانی اداکار نے کہا کہ "اگرچہ جمرات کو کنکریاں مارنے کے لیے 4 منزلوں کا انتظام ہے تاہم جب آپ لوگوں کو راستے سے نیچے اُترتے ہوئے دیکھتے ہیں تو آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ یہ ناممکن ہے اور آپ ایسا نہیں کر سکیں گے ،، آپ بھیڑ میں داخل ہو کر چیونٹی کی طرح حرکت کرنا شروع کر دیتے ہیں مگر آپ کو آرام سے جگہ مل جاتی ہے اور اس چیز کو ناممکن سمجھنے کے باوجود آپ دیکھتے ہیں کہ وہ جگہ عبور ہو چکی ہے"۔
فواد خان کے مطابق یہ صرف اُس وقت ممکن ہے جب سکیورٹی فورسز اس کی اہلیت کی حامل ہوں اور آپ کی منصوبہ بندی بہترین ہو۔ انہوں نے کہا کہ یقینا حرکت کے اس عمل کی نگرانی کرنے والوں کی کوشش ہوتی ہے کہ اسے حتی الامکان آسان اور آرام دہ بنایا جائے۔