پاکستان بھارتی وزیراعظم مودی کو آیندہ سارک سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دے گا
پاکستان بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو جنوب ایشیائی ملکوں کی علاقائی تنظیم (سارک) کے آیندہ سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دے گا۔
یہ بات دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے اسلام آباد میں منگل کے روز منعقدہ کشمیر کانفرنس میں تقریر کرتے ہوئے بتائی ہے۔انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ اگر بھارت (امن کی جانب) ایک قدم اٹھائے گا تو پاکستان دو قدم اٹھائے گا۔
واضح رہے کہ سارک کا انیسواں سربراہ اجلاس 2016ء میں پاکستان میں منعقد ہونا تھا لیکن بھارت کے بائیکاٹ کی وجہ سے اس کو منسوخ کردیا گیا تھا۔بھارت کے بعد افغانستان ، بنگلہ دیش اور بھوٹان نے بھی اس اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم مودی کے خط کے جواب میں بھارت کے ساتھ تما م تصفیہ طلب مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے پاکستان کے کھلے پن کا اظہار کیا تھا۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ہم نے بھارت کے ساتھ جنگ لڑی ہے ،اس لیے تعلقات فوری طور پر درست نہج پر نہیں آ سکتے۔ انھوں نے کہا کہ ضلع نارووال میں واقع کرتار پور راہدار ی کا بدھ کو سنگ بنیاد رکھا جائے گا اور توقع ہے کہ یہ چھے ماہ میں مکمل ہوجائے گی ۔اس کے ذریعے بھارت کی سکھ برادری بغیر ویزا سفر کرسکے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’اس صدی میں سفارت کاری مکمل طور پر تبدیل ہوچکی ہے ۔اب پالیسیاں شہریوں کے جذبات اور خواہشات کو ملحوظ رکھ کر وضع کی جاتی ہیں۔کرتار پور راہداری کا سنگِ بنیاد پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔بھارتی میڈیا کو بھی اس کی افتتاحی تقریب کی کوریج کی دعوت دی گئی ہے اور پاکستان کسی بھی چیز کو خفیہ نہیں رکھ رہا ہے‘‘۔