.

نیوزی لینڈ میں دہشت گرد حملے کے بعد لاپتا پاکستانیوں کی تفصیلات جاری

محمد امین ناصر تشویشناک حالت میں آئی سی یو میں زیرعلاج ہے: ترجمان دفتر خارجہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

نیوزی لینڈ میں دہشت گرد حملے کے بعد لاپتا پاکستانیوں کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیوزی لینڈ مساجد میں دہشت گردی کے دوران لاپتا ہونے والے پاکستانیوں کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

لاپتا پاکستانیوں میں ذیشان رضا اور ان کے والد اور والدہ، ہارون محمود، سہیل شاہد، سید اریب احمد، سید جہانداد علی اورطلحہ نعیم شامل ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں ہمارا سفارتی مشن مزید تفصیلات لے رہا ہے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملوں میں زخمی ہونے والے ایک اور پاکستانی کی شناخت محمد امین ناصر کے نام سے ہوئی ہے۔ امین ناصر کا تعلق حافظ آباد سے ہے جو گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا ہے۔ وہ تشویشناک حالت میں آئی سی یو میں زیرعلاج ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر فائرنگ کرکے 49 معصوم مسلمانوں کو شہید کرنے کے واقعے کے دوران پاکستانی شہری نعیم راشد نے بھی اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دوسروں کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی تھی۔