وزیراعظم عمران خان کرونا وائرس کا شکار،قیام گاہ پر تنہائی اختیار کرلی
عمران خان نے دو روز قبل ہی کرونا وائرس کی ویکسین لگوائی تھی
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔انھوں نے دوروز قبل ہی کرونا وائرس کی ویکسین لگوائی تھی مگر ہفتے کے روز ان کا کووِڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ہفتے کے روز ان کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی اطلاع دی ہے۔اس کے بعد انھوں نے اسلام آباد کے علاقے بنی گالا میں واقع اپنی قیام گاہ پر خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے۔
عمران خان کا اس سے پہلے بھی کووِڈ-19 کا ٹیسٹ کیا گیا تھا لیکن اس کا نتیجہ منفی رہا تھا۔انھوں نے حالیہ دنوں میں عوامی جلسے جلوسوں میں شرکت کی ہے اور لوگوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔اس کی وجہ سے وہ اس مہلک وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
PM Imran Khan has tested positive for Covid-19 and is self isolating at home
— Faisal Sultan (@fslsltn) March 20, 2021
واضح رہے کہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں بالخصوص حالیہ دنوں میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔بڑے صوبہ پنجاب سے بھی روزانہ سیکڑوں کیس رپورٹ ہورہے ہیں۔