.

رمضان کے دوران نماز ہال میں ادا نہیں ہو گی: این سی او سی کی گائیڈ لائنز جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) نے کرونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر رمضان المبارک کے بارے میں رہنما اصول جاری کر دیے ہیں۔

این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ ہدایات مساجد، امام بارگاہوں میں نماز، تراویح کیلئے ہیں۔ صحن والی مساجد، امام بارگاہ میں نماز ہال میں ادا نہیں ہو گی۔ تراویح، کا اہتمام مساجد، امام بارگاہ کے احاطے میں کیا جائے۔

ہدایت نامہ کے مطابق شہری سڑکوں، فٹ پاتھ پر نماز پڑھنے سے گریز کریں۔ مساجد، امام بارگاہوں میں وضو کرنے پر پابندی ہو گی۔ نمازی حضرات گھر سے وضو کر کے مسجد، امام بارگاہ آئیں، نمازی وضو کرتے وقت صابن سے 20 سیکنڈ تک ہاتھ دھوئیں۔

این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں میں قالین، دریاں نہیں بچھائی جائیں گی، مساجد، امام بارگاہوں میں نماز فرش پر ادا کی جائے گی۔ فرش کو کلورین ملے پانی سے دھویا جائے۔ شہری مسجد میں گھر سے جائے نماز ساتھ لانے کو ترجیح دیں۔ پچاس سال سے زیادہ عمر اور بچوں کو مساجد، امام بارگاہ نہیں آنا چاہئے۔

ہدایات کے مطابق فلو، کھانسی میں مبتلا نمازیوں کو مساجد، امام بارگاہ نہیں آنا چاہئے۔ نمازی حضرات ماسک پہن کر مسجد آئیں۔

شہری مجمع لگانے سے گریز کریں۔ صف بندی کے دوران نمازیوں کے مابین 6 فٹ فاصلہ رکھا جائے۔ نمازیوں کی سہولت کیلئے صفوں میں فاصلہ رکھ کر نشانات لگائے جائیں۔ انتظامیہ ایس او پیز پر عمل درآمد کمیٹی تشکیل دیں۔

این سی او سی کے مطابق کرونا کی موجودہ صورتحال میں متعکفین گھر پر اعتکاف کریں۔ مساجد، امام بارگاہوں میں سحر وافطار کا اہتمام نہ کیا جائے۔ خطیب انتظامیہ سے تعاون کریں۔

مساجد ،امام بارگاہ کو اجازت ایس او پیز پر عمل درآمد سے مشروط ہے۔ ایس او پیز پر عدم عمل درآمد، کیسز بڑھنے پر پالیسی پر نظر ثانی ہو گی۔

حکومت شدید متاثرہ علاقوں کیلئے احکامات، پالیسی میں تبدیلی کی مجاز ہے۔