پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب کی جانب حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم عمران خان نے پیر کو سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کی مستقل حمایت پر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
دوران ملاقات وزیراعظم نے پاکستان کو دی جانے والی حالیہ مالیاتی بجٹ امداد پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے اسلامی اتحاد کو فروغ دینے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے قائدانہ کردار کی تعریف کی اور خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کا اعتراف کیا۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مملکت کی ترقی اور خوشحالی کے وژن اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات میں ان کےتعاون کو بھی سراہا۔
سعودی عرب میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کی میزبانی پر وزیراعظم نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور لوگوں کے درمیان روابط کے فروغ پر زور دیا۔
دونوں ممالک کے درمیان مجرموں کی منتقلی کے معاہدے پر وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اس فریم ورک کے ذریعے سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی ایک بڑی تعداد کو پاکستان واپس بھیجا جائے گا۔
شہزادہ عبدالعزیز نے وزیر اعظم کو سعودی ولی عہد کی جانب سے مبارکباد پیش کی اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔
شہزادہ عبدالعزیز نے مملکت کی ترقی میں پاکستانیوں کے مثبت کردار کا بھی اعتراف کیا اور اپنی وزارت سے متعلق تمام معاملات پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دوسری جانب صدر پاکستان عارف علوی نے بھی سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
سعودی وزیر داخلہ نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے صدر کے لیے خیر سگالی اور پاکستان، اس کے عوام اور حکومت کے لیے مزید ترقی و خوشحالی کی خواہشات پر مشتمل پیغامات پہنچائے ہیں۔
اس موقع پر دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کی جہتوں کا جائزہ لیا گیا۔