اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹری حسین ابراہیم طہٰ او آئی سی وزرائے خارجہ کے 48 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
اسلام آباد آمد کے بعد سرکاری ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی کے اجلاس میں اُمت مسلمہ کو درپیش چیلنجوں سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے اسلام کے خلاف پراپیگنڈے کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے قرارداد کی منظوری کو اس مسئلے سے نمٹنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
اسلامی ترقیاتی بنک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان ال جاسر بھی او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے اسلامی ترقیاتی بنک کے صدر نے کہا کہ افغانستان میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ بنگلہ دیش، تونس، بوسنیا، صومالیہ، نائیجر، اور گیمبیا کے وزرائے خارجہ اور آذربائیجان، لیبیا، ملائیشیا اور موزمبیق کے نائب وزرائے خارجہ بھی اجلاس میں شرکت کے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
او آئی سی میں مالدیپ کے مستقل نمائندے محمد خلیل اور بنگلہ دیش کے مستقل نمائندے محمد جاوید بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔