اسلام آباد ہائی کورٹ کی عدالتی کارروائی براہ راست دکھائی جائے گی
ٹرائل کی کامیابی کے بعد ویب سائٹ پر کوئی بھی لائیو عدالتی کارروائی دیکھ سکے گا
پاکستان کی عدالتی تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد ہائی کورٹ میں عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کا آغاز ہو گیا۔
ہائی کورٹ کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ نے چیف جسٹس کی کورٹ میں سسٹم نصب کر دیا۔ ٹرائل کے طور پر عدالتی کارروائی کو محدود پیمانے پر براہ راست دکھایا گیا۔ ٹرائل کی کامیابی کے بعد ویب سائٹ پر کوئی بھی لائیو عدالتی کارروائی دیکھ سکے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چو ہدری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا مقدمات کو براہ راست دکھانے کو درست فیصلہ قرار دیا ہے۔
ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے جمعہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ فواد چوہدری نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا مقدمات کو براہ راست دکھانے فیصلہ درست ہے۔ لاہور کی ایف آئی اے عدالت بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کی تقلید کرے اور شہباز شریف کے منی لانڈرنگ کیس کو براہ راست دکھایا جائے۔ ان کی ضمانت کی تاریخ آنے والی ہے اس پر ہی اس فیصلے پر عمل درآمد ہونا چاہئے۔