پاکستان فوج کا مال بردار جہاز افغانستان میں زلزلے سے متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر سنیچر کے روز خوست ہوائی اڈے پر اترا۔ حکام کے مطابق امدادی سامان میں خیمے، خوراک، طبی سامان اور ادویہ شامل ہیں۔
مشرقی افغانستان میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد ہزاروں افراد زخمی اور بے گھر ہوئے ۔ سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے میں 1150 افراد جاں بحق ہوئے، جمعے کے روز محسوس کئے جانے والے آفٹر شاکس کے نتیجے میں بھی پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے۔
بدھ کے روز افغانستان میں آنے والے زلزلے کی شدت ریختر اسکیل پر 6 بتائی گئی اور افغانستان میں کام کرنے والی اقوام متحدہ کی چلڈرن ایجنسی کے نمائدنے کے مطابق اس میں جاں بحق ہونے والوں میں 121 بچے شامل تھے۔
کابل میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے افغانستان بھیجی جانے والی امدادی اشیاء طالبان حکام کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’’کہ مشکل کی اس گھڑی میں افغان بھائیوں کی مدد کرنا ہمارا فرض تھا،‘‘
اس سے پہلے پاکستانی حکومت اور الخدمت نامی غیر حکومتی امدادی ادارے نے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے تیرہ ٹرکوں پر مشتمل کھیپ متاثرہ علاقوں میں بھجوائی تھی جس میں زندگی بچانے والی ادویہ، خیمے اور خوراک شامل تھی۔
پاکستانی ڈاکٹروں اور معاون طبی عملے پر مشتمل انیس رکنی ٹیم پہلے ہی خوست میں زلزلہ متاثرین کے علاج معالجے کے لیے طالبان کے زیر نگیں خوست کے علاقے میں موجود تھی۔
طالبان کی وزارت دفاع امدادی کارروائیوں کی سربراہی کر رہی ہے اور زلزلے کے بعد حکومت نے عالمی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں طبی کارکنان اور ضروری سامان بھیج رہے ہیں اور پڑوسی ملک پاکستان میں موجود فلاحی ادارے بھی معاونت کر رہے ہیں۔
انسانی امداد کا سلسلہ جاری تو ہے لیکن پکتیکا اور خوست میں اب سینکڑوں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔
کئی زخمیوں کا علاج ابھی تک باقی ہے۔ ہیلو ٹرسٹ نامی فلاحی تنظیم جو بارودی سرنگیں صاف کرنے کا کام کرتی ہے، اب انھوں نے موبائل ہیلتھ کلینک قائم کر لیے ہیں۔
-
افغانستان میں زلزلے کے ملبے میں زندہ افراد کی تلاش روک دی گئی
افغان سینئر عہدیدار کے مطابق افغان حکومت نے زلزلے کے ملبے سے بچ جانے والے شہریوں ...
بين الاقوامى -
امریکہ میں انسانی بنیادوں پر افغانستان کے زلزلے سے متاثرین کی مدد پرغور
امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ افغانستان میں تباہ کن زلزلے سے ...
بين الاقوامى -
افغان زلزلہ سے متاثرین کے لئے امدادی سامان کے ٹرک خوست بھیجنے کا اعلان
امدادی سامان خوست میں افغان حکام کے حوالے کیا جائے گا: وزیر اعظم آفس
بين الاقوامى